بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میں یوم پاکستان کی مبارکباد والے پوسٹر چسپاں

جمعرات 21 مارچ 2024 11:20

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) 23 مارچ ” یوم پاکستان “کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے گرمائی دارلحکومت سری نگر اور دیگر علاقوں میں ایک مرتبہ پھر مبارکباد کے پیغامات والے پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پوسٹر کل جماعتی حریت کانفرنس، جموں و کشمیر پیپلز لیگ، جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جسٹس اینڈ پیس انیشی ایٹو، نوجوانان حریت جموں کشمیر، جموں کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، وارسین شہداء، جموں کشمیر پیپلز پارٹی ، ریزسٹنس پارٹی، جموں کشمیر سٹوڈنٹس یوتھ فورم، فریڈم لورز اور دیگر آزادی پسند جماعتوں نے چسپاں کیے ہیں۔

ستونوں ، کھمبوں اور دیواروں پر چسپاں پوسٹروں میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا معروف فرمان”کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے “ اور معروف حریت قائد شہید سید علی گیلانی کا مشہور نعرہ”ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان ہمار اہے“ درج ہیں۔

(جاری ہے)

پوسٹروں میں مصور پاکستان علامہ محمد اقبال ؒ، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ ،شہید ملت لیاقت علی خانؒ اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر ہیں۔

پوسٹروں میں لکھا ہے”جموں و کشمیر کے لوگ غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی چاہتے ہیں، جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ،بھارت نے کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے، کشمیری اپنے حق خودارادیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔"پوسٹر فیس بک اور ٹویٹر سمیت سماجی رابطوں کی دیگر سائٹوں پر بھی اپ لوڈ کئے گئے ہیں۔