Live Updates

لانگ مارچ تو ڑپھوڑ کیس،عمران خان اور شاہ محمود قریشی کوعدالت میں پیش کرنے کا حکم

سول جج مرید عباس نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ کے کیس کی سماعت کی،پی ٹی آئی وکلاءعدالت میں پیش ہوئے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 22 مارچ 2024 13:31

لانگ مارچ تو ڑپھوڑ کیس،عمران خان اور شاہ محمود قریشی کوعدالت میں پیش ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مارچ2024 ء) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان اور شاہ محمود کے پروڈکشن درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 20 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دیدیا،سول جج مرید عباس نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی کو لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت پی ٹی آئی وکلا سردار محمد مصروف خان، نعیم حیدر پنجوتھا اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے، بانی پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا نے دلائل دئیے۔

عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے پروڈکشن آرڈر کیلئے درخواست دائرکی گئی جب کہ نعیم پنجوتھا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کسی بھی عدالت کا حکم نہیں مانتے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے حکم منوانا چاہیے اوربانی پی ٹی آئی کوپیش کرنا چاہیے، سکیورٹی کا بہانا ہے، ویڈیو لنک پربھی بانی پی ٹی آئی کی حاضری نہیں لگواتے۔

(جاری ہے)

نعیم پنجوتھا کے دلائل پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہیں اور مختلف صورتحال ہے، ویڈیو لنک کا آپشن تو موجود ہے لیکن حاضری ای کورٹ میں لگتی ہے۔بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر دئیے۔خیال رہے کہ 19 مارچ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے لانگ مارچ کے دوران توڑپھوڑ کے 2 کیسز میں بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بریت کی درخواست منظور کرلی تھی۔

بعد ازاں 20 مارچ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے لانگ مارچ کے دوران احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مزید 2 کیسز میں بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران اور سربراہ عوامی لیگ شیخ رشید سمیت 11 ملزمان کو بری کردیا تھا۔مئی 2022 میں اسلام آباد میں اختتام پذیر ہونے والے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے تناظر میں ملک بھر میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنماوٴں اور کارکنان کے خلاف دفعہ 144 سمیت دیگر سنگین خلاف ورزیوں پر درجنوں مقدمات درج کیے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات