آزادی کے لفظ کی قدر غلام قوموں سے بہتر کوئی نہیں جانتا،پاکستان ہمارے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے بہت بڑی نعمت ہے ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی چاہئیے،فرح ناز اکبر

ہفتہ 23 مارچ 2024 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قومی اسمبلی و مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین اسلام آباد کی صدر فرح ناز اکبر نے کہاہے کہ آزادی کے لفظ کی قدر غلام قوموں سے بہتر کوئی نہیں جانتا،پاکستان آزادی کی صورت میں تخلیق ہوا ہے جوکہ ہمارے آبائواجداد کی وسیع قربانیوں کا نتیجہ ہے،افسوس اس بات کا ہے کہ پاکستانی قائداعظم محمد علی جناح کے فلسفے پرعمل پیرا نہ ہوسکے، ہماری نوجوان پاکستان حوالے سے جدوجہد سے ناواقف ہے جوکہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ 23 مارچ پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے،جب مسلمانوں کیلئے ایک واضح منزل کی نشاندہی کی گئی اور انہیں ایک ایسا راستہ بتایا گیا جس پر چل کر وہ اپنے لئے ایک علیحدہ وطن حاصل کرسکیں، 23مارچ1940کو قرارداد پاکستان منظوری ہوئی اور اس کے بعد 7سال کے مختصر عرصہ میں قائداعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت اور ولولہ انگیز جدوجہد کے نتیجے میں علامہ اقبال ؒ کے خواب کو عملی تعبیر ملی،وطن کی محبت اور ملک کی سالمیت و استحکام اور اسکی تعمیرو ترقی کیلئے بھرپور خدمات سرانجام دینا ہماراقومی فریضہ ہے، یہ پیارا وطن ہمیںتحفہ میں نہیں ملا اس کیلئے بیشمار جانی ومالی قربانیاں دی گئیں۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ نظریہ پاکستان ہی ملک و قوم کی سلامتی اور بقاء کا ضامن ہے، نظریہ پاکستان ہی ماضی اور حال میں پاکستان کی بنیاد اور اس کی بقاء کا ضامن ہے اور اگر کائنات میں ایک مسلمان بچہ بھی زندہ ہے تو وہ قومی نظریہ قائم و دائم ہے،قیام پاکستان کے بعد ہی نااہل حکمرانوں کی کوتاہیوں اور مفادات کی سیاست کے نتائج آج پوری قوم بھگت رہی ہے، بدقسمتی سے آج مفاد پرست حکمران ملک وقوم کے بہتری کے بجائے مفادات کی سیاست کو پروان چڑھانے میں مصروف عمل ہے، آج ہمیں اس بات کا جائزہ لینے کی بھی ضرورت عمل ہے کہ ہم نے قرارداد پاکستان اور قائد کے خوابوں کی تعمیر کیلئے کیاکیا ہے یا ان کوتباہی وبربادی کے حوالے کردیا ہے، آج اگر75سال گزرنے کے بعد پاکستان معاشی، معاشرتی اور اخلاقی دلدل میں گر چکاہے اور ملک وقوم کو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کا غلام بنادیا ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میںیوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مسلم لیگی رہنما و رکن قومی اسمبلی فرح ناز اکبر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ 23مارچ پاکستان کی تاریخ کا وہ عظیم اورتاریخی دن ہے، جب مسلمانوں کیلئے ایک تاریخی اجلاس میں الگ وطن کامطالبہ کیاگیا پاکستان کا قیام اسی قرارداد کی روشنی میں اور قائدین کی عظیم جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان کا قیام عمل میں آیا،یوم پاکستان اس عہد کی یاد دلاتاہے ، یوم آزادی کا دن ہم سے عظیم مقاصد کے حصول کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لانے کا تقاضا کرتاہے،یہ دن ہمیںاپنے بزرگوں کی تحریک پاکستان اورقیام پاکستان کیلئے کی گئی جدوجہد اور اس کیلئے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتاہے،قیام پاکستان کے مقاصد سے آگاہی وقت کی ضرورت،ہمیں قرارداد پاکستان اور قیام پاکستان کے اصل مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے تعمیر پاکستان کا کام کرنا چاہئیے،ہمیں اس عہد کی تجدید کرناہے جن مقاصد کیلئے اس وطن کو حاصل کیاگیا ہے،نسل نو کو بھی قیام پاکستان کے اغراض ومقاصد کے بارے میں آگاہی وقت کی بڑی ضرورت اورملکی ترقی کیلئے ضروری ہوچکی ہے،تعلیمی اداروں میں پاکستان کی تاریخ اور جغرافیہ کے ساتھ ساتھ قیام پاکستان کی ضرورت کے بارے میں بھی آگاہی دینا ہوگی،مقبوضہ کشمیر بھی بھارتی چنگل سے جلد آزاد ہوگا، کشمیریوں کی منزل ہی پاکستان ہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ قرارداد پاکستان منشورآزادی ہے،قرارداد پاکستان خواب نہیں ایسا پروانہ ہے جو برصغیر کے مسلمانوں کی تقدیر میں لکھاہواتھا ،اسلامی، جمہوری،آزاد مسلم ریاست پاکستان کا قیام اس کی منزل تھی، قیام پاکستان کے مقاصد حاصل ہونا ابھی باقی ہیں، طویل جدوجہد اور لازوال قربانیوں کو اسلامی، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی منزل ملناہے، قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال ؒ نے جو منشورآزادی ،دو قومی نظریہ اور جمہوریت، قرآن و سنت کی بالادستی کا لائحہ عمل دیاآج بھی زندہ حقیقت ہے۔