سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کی یوم پاکستان کی پریڈ میں شرکت ، بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا

ہفتہ 23 مارچ 2024 21:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے یوم پاکستان پریڈ میں شرکت کی ، اس موقع پر بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے وزیر دفاع کا نور خان ایئر بیس پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا جنہوں نے خصوصی طور پر مسلح افواج کی جوائنٹ سروسز پاکستان ڈے پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

پریڈ پہنچنے پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کا استقبال کیا۔پریڈ دیکھنے کے بعد شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے آرمی چیف سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں بالخصوص دفاع میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سعودی عرب کے وزیر دفاع نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی اور مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے خیر خواہ رہے ہیں۔آرمی چیف نے دورہ پاکستان پر سعودی عرب کے وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا۔پاکستان کے ایک روزہ کامیاب دورے کے بعد سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز وطن واپس پہنچ گئے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نور خان ایئر بیس سے شہزادہ خالد بن سلمان کو الوداع کیا۔