پاکستانی قوم نے یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا

ہفتہ 23 مارچ 2024 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) قوم نے یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا، پاکستان کی ترقی، استحکام اور اتحاد کے لیے محنت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جب کہ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی خوشحالی اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیا گیا۔اس دن کی اہم خصوصیت اسلام آباد میں عظیم الشان فوجی پریڈ تھی جس میں تینوں مسلح افواج اور دیگر سکیورٹی فورسز کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ لڑاکا طیاروں نے فضائی مشقیں پیش کیں۔تقریب میں صدر آصف علی زرداری کے علاوہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف، وفاقی کابینہ کے ارکان، سروسز چیفس، سفارت کاروں، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان السعود فوجی پریڈ کے مہمان خصوصی تھے جبکہ چین اور آذربائیجان کے دستے بھی پریڈ میں شریک تھے۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک امن پسند اور ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے لیکن وہ اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور نہ ہی دہشت گردوں یا کسی گروپ کی کوششوں کو برداشت کرے گا جس کا مقصد اسے غیر مستحکم کرنا ہے۔

پاکستان اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات چاہتا ہے۔ ۔دوپہر کو ایوان صدر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر آصف علی زرداری نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز اور میڈلز سے نوازا۔صدر مملکت نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کو نشان پاکستان ایوارڈ سے نوازا ۔تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزراء، عسکری اعلیٰ حکام اور سفارتی کور کے ارکان نے شرکت کی۔

یہ ایوارڈ شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کی پاکستان اور اس کے عوام کے لیے شاندار خدمات، دفاعی تعاون بڑھانے، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن کی کوششوں میں تعاون کے اعتراف میں دیا گیا۔گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے یوم پاکستان کے موقع پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سمیت سندھ کے وزراء بھی موجود تھے۔قائم مقام گورنر بلوچستان کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے 15 افراد کو زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے پر سول ایوارڈز سے نوازا۔