Live Updates

نوازشریف کو جانتا ہوں وہ وفاقی یا پنجاب حکومتوں پر مسلط نہیں ہوں گے

نوازشریف کےخلاف کوئی کیس نہیں وہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے جائیں گے، محمد اورنگزیب کو وزیرخزانہ اور محسن نقوی کو وزیرداخلہ لگانا حکومت کیلئے بہتر فیصلہ ہے۔ سابق وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 23 مارچ 2024 22:42

نوازشریف کو جانتا ہوں وہ وفاقی یا پنجاب حکومتوں پر مسلط نہیں ہوں گے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 مارچ 2024ء) سابق وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نوازشریف کو جانتا ہوں وہ وفاقی یا پنجاب حکومتوں پر مسلط نہیں ہوں گے، نوازشریف کے خلاف کوئی کیس نہیں وہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے جائیں گے، محمد اورنگزیب کو وزیرخزانہ اور محسن نقوی کو وزیرداخلہ لگانا حکومت کیلئے بہتر فیصلہ ہے۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عمران خان یا پی ٹی آئی کے ساتھ ناطہ یاتعلق سیاسی ہے، اس میں قتل کہاں سے آگیا؟معاملہ یہ ہے کہ اگر آج بانی پی ٹی آئی سیاست سے علیحدہ ہوجائے یا وہ اپنی مخصوص سیاسی سوچ کو جس کے تحت وہ کہتا ہے میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا، سارے چور ڈاکو ہیں، جس کے تحت وہ کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ بات کرنے کا قائل نہیں ہے، اگر وہ یہ سوچ بدل دے تو معاملہ اسی وقت ختم ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

معاملہ یہ ہے کہ وہ ہمارے سیاسی وجود کو تسلیم نہیں کرتا تو پھر ہم اس کے سیاسی وجود کو کیوں تسلیم کریں گے؟وہ ہمارے سیاسی وجود کو ختم کرنا چاہتا ہے تو مجھے کوئی غلط فہمی نہیں کہ میں کہوں کہ وہ ہمیں قتل کرنا چاہتا ہے؟میں نے سیاسی وجود سے متعلق وضاحت چھ یا آٹھ ماہ پہلے بھی کی تھی، پی ٹی آئی کی سیاست عمران خان کی سوچ کا محور ہے، وہ سوچ یہی ہے کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا، پاکستان جس بھنوراور عدم استحکام میں پھنسا ہوا ہے اس کی بنیاد ہی عمران خان ہے۔

اگر یہ سوچ نہ ہوتی تو ہوسکتا ہے کہ اتحادی حکومت میں پی ٹی آئی کی ہوتی، پیپلزپارٹی ہمارے ساتھ اتحادی حکومت بنانے سے پی ٹی آئی کے ساتھ حکومت بنانے میں دلچسپی رکھتی تھی۔انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف عوامی لیڈر اور پارٹی کے سربراہ ہیں، ہم نے کوئی ہتھیار تو نہیں پھینکے تھے، اگر پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی مل بیٹھتے تو حکومت بناسکتے تھے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہونا تھا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میرے حلقے میں اڑھائی لاکھ ووٹ کاسٹ ہوا ہے، اگر 9662ووٹ اس طرف سے میری طرف کاسٹ ہوجاتے تو معاملہ اور ہوجاتا، لاکھوں اور کروڑوں کی تعداد میں لوگوں نے پی ٹی آئی مخالف ووٹ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح آج بھی یہی ہے کہ سیاسی مخالف کا وجود تسلیم کریں اور مل کر کام کریں۔ثناء اللہ نے کہا کہ اپنے لیڈر کے مئوقف کے ساتھ کھڑا تھا کہ الیکشن میں ن لیگ کو سادہ اکثریت ملے گی، شہبازشریف نے تمام فیصلے دانائی سے کئے، انہیں اتحادی حکومت چلانے کا بڑا تجربہ ہے، شہبازشریف کی جگہ کوئی اور ہوتا تو انہی دنوں میں معاملہ تلخ ہوجاتا ۔

اس وقت نوازشریف کے خلاف کوئی کیس نہیں وہ آزاد شہری ہیں، نوازشریف پر عمرہ کی ادائیگی کیلئے جائیں گے، 32سالوں سے نوازشریف کو جانتا ہوں وہ حکومتوں پر مسلط نہیں ہوں گے، ٹیم نوازشریف نے نہیں بنائی، لیکن نوازشریف کا مشورہ ضرور شامل ہوگا۔ محمد اورنگزیب کو وزیرخزانہ اور محسن نقوی کو وزیرداخلہ لگانا حکومت کیلئے بہتر فیصلہ ہے، محسن نقوی کو وزیرداخلہ لگانے سے حکومت کو داخلہ امور میں تقویت ملے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات