یوم پاکستان کے پرمسرت موقع پر جرمنی کے شہر برلن میں سفارتخانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

Mehwish Zaffar مہوش ظفر ہفتہ 23 مارچ 2024 23:25

یوم پاکستان کے پرمسرت موقع پر جرمنی کے شہر برلن میں سفارتخانہ پاکستان ..
برلن(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23مارچ۔2024ء) جرمنی کے دارالحکومت برلن میں واقع پاکستانی سفارتخانے میں 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قومی ترانہ کی دھن پر جرمنی میں تعینات پاکستان کی سفیر محترمہ ثقلین سیدہ نے پرچم کشائی کی ۔

سب سے پہلے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جس میں کہا گیا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے آج کے دن ہم کو عہد کرنا ہوگا کہ ہم پاکستان کے وفادار رہیں گے۔ آج کے دن ہم قیام پاکستان میں اپنا کردار ادا کرنے والے ہمارے محسن قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال سمیت تمام راہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے بعد سفیر پاکستان نے دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم کو پاکستان کی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا ۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا موقف بڑا واضح ہے پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ظلم کا جو بازار گرم کیا ہوا ہے اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی ۔ اس موقع پر فلسطینی عوام کو بھی یاد رکھا گیا۔ فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں  مذمت کی۔