پاکستانی قوم نے یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا

ہفتہ 23 مارچ 2024 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) قوم نے یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا، پاکستان کی ترقی، استحکام اور اتحاد کے لیے محنت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جب کہ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی خوشحالی اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیا گیا۔اس دن کی اہم خصوصیت اسلام آباد میں عظیم الشان فوجی پریڈ تھی جس میں تینوں مسلح افواج اور دیگر سکیورٹی فورسز کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ لڑاکا طیاروں نے فضائی مشقیں پیش کیں۔تقریب میں صدر آصف علی زرداری کے علاوہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف، وفاقی کابینہ کے ارکان، سروسز چیفس، سفارت کاروں، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود فوجی پریڈ کے مہمان خصوصی تھے جبکہ چین اور آذربائیجان کے دستے بھی پریڈ میں شریک تھے۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک امن پسند اور ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے لیکن وہ اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور نہ ہی دہشت گردوں یا کسی گروپ کی کوششوں کو برداشت کرے گا جس کا مقصد اسے غیر مستحکم کرنا ہے۔

پاکستان اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات چاہتا ہے ۔دوپہر کو ایوان صدر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر آصف علی زرداری نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز اور میڈلز سے نوازا۔صدر مملکت نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کو نشان پاکستان ایوارڈ سے نوازا ۔تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزراء، عسکری اعلیٰ حکام اور سفارتی کور کے ارکان نے شرکت کی۔

یہ ایوارڈ شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کی پاکستان اور اس کے عوام کے لیے شاندار خدمات، دفاعی تعاون بڑھانے، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن کی کوششوں میں تعاون کے اعتراف میں دیا گیا۔گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے یوم پاکستان کے موقع پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سمیت سندھ کے وزراء بھی موجود تھے۔قائم مقام گورنر بلوچستان کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے 15 افراد کو زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے پر سول ایوارڈز سے نوازا۔اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی، اعلیٰ سرکاری افسران سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

گورنر نے کہا کہ آج ہم اس دن کی یاد منا رہے ہیں جب 23 مارچ 1940 کو لاہور میں ایک تاریخی قرارداد منظور کی گئی تھی۔ طویل جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کے بعد برصغیر کے مسلمان ایک آزاد اور خود مختار ملک حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے یوم پاکستان کے حوالے سے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو سول ایوارڈز سے نوازا۔

اسسٹنٹ کمشنر اپر اورکزئی امتیاز علی شاہ نے یوم پاکستان کے موقع پر خلجو میں ریلی کی قیادت کی۔ ریلی میں اساتذہ، طلباء اور مقامی عمائدین سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔یوم پاکستان کے موقع پر گورنر ہاؤس لاہور میں پر وقار سول ایوارڈز کی تقریب ہوئی جس میں گورنر محمد بلیغ الرحمان کی جانب سے مختلف شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔انعام حاصل کرنے والوں میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ بھی شامل تھے جنہیں صدر پاکستان نے عوامی خدمت کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز کے لیے منتخب کیا تھا۔گورنر نے رمیش اروڑہ کو ایوارڈ دیا۔ وہ دو بار رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔