نثار کھوڑو کی زیر صدارت اجلاس ،ذوالفقار علی بھٹو کی 45 ویں برسی کے انتظامات کا جائزہ

پیر 25 مارچ 2024 21:10

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) پی پی پی سندھ کے صدر سینیٹر نثار کھوڑو کی زیر صدارت اجلاس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 45 ویں برسی کے انتظامات کا جائزہ ، تفصیلات کے مطابق پیر کو پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی زیر صدارت سکھر میں سید خورشید شاہ کی رہائشگاہ پر پیپلز پارٹی کااجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں لاڑکانہ اور سکھر ڈویزن کے پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی ۔

اجلاس میں پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 45 ویں برسی کے موقع پر مركزی جلسہ گڑھی خدابخش میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔برسی کے جلسے میں بھرپور عوامی شرکت یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو ،شہید بینظیر بھٹو سمیت ایم آرڈی اور کارساز کے شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہونے مبارکباد پیش کی گئی۔

اجلاس میں وفاقی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ بحالی جمہوریت کی تحریک (ایم آرڈی) کے شہداءکے لئے تمغہ جرات کا اعلان کرکے ان کے ورثاء کو اس اعزاز سے نوازا جائے۔ اجلاس کے بعد نثار کھوڑو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گڑھی خدابخش بھٹو میں برسی عقیدت کے ساتھ منائی جائے گی اور ملک و قوم کے لئے بھٹو شہید کے کارناموں پرانہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اس موقع پر ہونے ہونے والے عوامی جلسہ میں ملک بھر سے لاکھوں کارکن اورعوام شرکت کرینگے۔ جلسہ سے پارٹی قیادت خطاب کرے گی ، اس سلسلہ میں انتظامات اور تیاریاں کی جا رہی ہیں۔