سکھر ہائی کورٹ نے امن و امان کی صورتحال پر دائر درخواست 28 مارچ کو سماعت کیلئے مقرر کر دی

پیر 25 مارچ 2024 21:30

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) سندھ میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سکھر ہائی کورٹ میں دائر درخواست28 مارچ کو سماعت کے لئے مقرر کی گئی ہے ۔ سندھ میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور کچے کے ڈاکو کی سرگرمیوں کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ میں درخواست دائر کی گئی تھی ۔ یہ درخواست سکھر پریس کلب کے فنانس سیکرٹری لالا شہباز خان کی جانب سے دائر درخواست کی گئی تھی ۔

درخواست گزار کے وكیل بیرسٹر غفار خان نے بتایا ہے کہ ہائی کورٹ نے ہماری درخواست 28 مارچ کو سماعت کے لئے مقرر کردی ہے ۔ سکھر پریس کلب کے فنانس سیکرٹری لالا شہباز نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ شہید صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کو گرفتار کرنے اور اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں امن و امان کی بحالی کیلئے کچے میں پولیس ، رینجرز اور پاک فوج کا مشترکہ آپریشن کیا جائے ۔

(جاری ہے)

بیرسٹر خان عبدالغفار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں سرعام لوگوں کو اغوا کیا جا رہا ہے،اغوا برائے تاوان ڈکیتی اور لوٹ مار کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، پولیس کے پاس اتنے وسائل اور جدید اسلحہ موجود نہیں کہ وہ اکیلے کچے میں آپریشن کر سکے، ڈاکوؤں کے خلاف پاک فوج ، رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن کیا جائے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاتے کرتے ہوئے کیس کی سماعت 28 مارچ کو مقرر کردی ہے۔