ضمنی الیکشن، ٹریبونل نے پرویزالہٰی کے کاغذات منظور کرلیے

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے کاغذات مسترد کرنے کا آر او کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 26 مارچ 2024 15:49

ضمنی الیکشن، ٹریبونل نے پرویزالہٰی کے کاغذات منظور کرلیے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ 2024ء ) لاہور ہائیکورٹ اپیلیٹ ٹریبونل نے پی پی 32 سے پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق اپیلیٹ ٹریبونل کے جج جسٹس شاہد کریم نے اپیل پر سماعت کی، جہاں وکیل اپیل کنندہ نے موقف اختیار کیا کہ ’جس پراپرٹی کی بات کی جا رہی ہے، ہم اسے تسلیم ہی نہیں کرتے، یہ پراپرٹی ریاست اپنے پاس ہی رکھ لے‘، اس پر سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ ’پرویز الہی نے اپنی زوجہ کی پراپرٹی بھی ظاہر نہیں کی‘، اس کے جواب میں وکیل اپیل کنندہ نے کہا کہ ’ہم ایسی کسی پراپرٹی سے واقف نہیں‘۔

بتایا گیا ہے کہ سرکاری وکلاء نے عدالت میں دستاویزات پیش کیے، جس پر دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ تو وراثتی پراپرٹی ہے‘، بعد ازاں اپیلیٹ ٹریبونل کے جج جسٹس شاہد کریم نے فیصلہ محفوظ کرلیا اور کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کو بھی ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی گئی ہے، اس حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کے اپیلیٹ ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنماء کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کلعدم قرار دے دیا، الیکشن ایپلیٹ ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔

بتایا جارہا ہے کہ ضمنی الیکشن 2024ء کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور ان کے صاحبزادے مونس الٰہی نے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کی جانب سے دائر اپیل میں مؤقف اپنایا گیا کہ ریٹرننگ آفیسر نےمونس الٰہی کے پی پی 158 کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جب کہ ریٹرننگ آفیسر نے پرویز الہی کے پی پی 32 سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔

اپیل میں کہا گیا کہ ریٹرننگ آفیسر نے دونوں امیدواروں کے حقائق کے برعکس کاغذت نامزدگی مستردکیے، پرویز الہی کے کاغذات نامزدگی اثاثہ جات چھپانے کے الزام میں مسترد کیے، ریٹرننگ آفیسر نے مونس الہی کے کاغذات عدالتی مفرور ہونے کے باعث کاغذات نامزدگی مسترد کیے، عدالت ریٹرننگ افیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔