محبوبہ مفتی کی حریت قیادت کے اہلخانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت

منگل 26 مارچ 2024 16:26

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے پر بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض انتظامیہ کے اقدامات انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے اہلخانہ کو ان کے سیاسی نظریے کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔محبوبہ مفتی کا یہ بیان ان خبروں کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ بھارت حکومت کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت کے اہلخانہ کو ڈرااور دھمکارہی ہے کہ وہ حریت کے نظریے سے علیحدگی اختیارکرنے کے بیانات جاری کریں۔ محبوبہ مفتی کی مذمت کشمیری عوام اور بھارتی حکومت کے درمیان کشیدہ تعلقات کی نشاندہی کرتی ہے، ا س سے علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی جبرکی بھی عکاسی ہوتی ہے۔