ح*شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی میں پرجوش طریقے سے شرکت کرنے کا اعلان

منگل 26 مارچ 2024 20:45

Sکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی کی زیر صدارت میں کراچی ڈویژن کے منعقدہ اجلاس میں 3 اپریل کو لاڑکانہ میںذوالفقار علی بھٹو کی برسی میں پرجوش طریقے سے شرکت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس بار ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسہ عام 3 اپریل کو رات 9 بجے لاڑکانہ میں منعقد ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کا اجلاس ڈویژن کے صدر سعید غنی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، مرزا مقبول، راجہ رزاق، عاجز دھامرا، نجمی عالم، امان اللہ مسعود کے علاوہ تمام ڈسٹرکٹ کے صدور و جنرل سیکرٹریز، ذیلی ونگز پیپلز یوتھ، پیپلز لیڈیز ونگ، پیپلز ڈاکٹر فورم، مینارٹی ونگ، لائرز فورم کے صدور و عہدیداران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے آغاز پر ذوالفقار علی بھٹو، مرتضٰی بھٹو،شاہنواز بھٹو، بینظیر بھٹو اور مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر استاد مسرور احسن کو سینیٹ کے لئے پارٹی کی جانب سے نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی۔اجلاس میں 4 اپریل کوذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے سلسلے میں لاڑکانہ میں 3 اپریل کی رات 9 بجے ہونے والے جلسہ عام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعید غنی نے کہا کہ انشاء اللہ کراچی سے پارٹی کے تمام عہدیدار، ذمہ داران، بلدیاتی یوسی ناظم و کونسلرز سمیت جیالوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ سعید غنی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی عدالتی قتل ہونے کے واضح فیصلے کے آنے کے بعد یہ بات صاف ہوگئی ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کو ایک آمر ضیاء نے اپنی دشمنی کی بھینٹ چڑھایا۔ اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ برسی رمضان المبارک میں ہونے کے باوجود بھی تمام پارٹی عہدیداران و ذمہ داران لازمی 3 اپریل کے جلسہ میں شرکت کریں گے۔#