جنرل مینجر سوئی گیس شیخوپورہ ریجن سہیل اکرم کی سربراہی میں ٹاسک فورس ٹیم نے گیس چوری اور ٹیمپرنگ کی مد میں 370 ڈومیسٹک اور کمرشل صارفین کے گیس میٹر کاٹ لیے

ریجن میں گیس چوری اور ٹیمپرنگ کی مد میں تقریباً 40 کو روپے کے جرمانے بھی کر دیے گئے

Akhtar Rasool Janjua اختر رسول جنجوعہ جمعرات 28 مارچ 2024 16:30

 شیخوپورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ 2024ء )   وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے احکامات اور مینجنگ ڈائریکٹر کی ہدایات پر جنرل مینجر سوئی گیس شیخوپورہ ریجن سہیل اکرم کی سربراہی میں ٹاسک فورس ٹیم نے گیس چوری اور ٹیمپرنگ کی مد میں 370 ڈومیسٹک اور کمرشل صارفین کے گیس میٹر کاٹ لیے اور متعلقہ تھانے میں ایف ائی آرز کا بھی اندراج کروایا ہے۔

جنرل مینجر سوئی گیس شیخوپورہ ریجن سہیل اکرم کا کہنا تھا کہ حکومتی احکامات اور مینجنگ ڈائریکٹر کی ہدایات پر شیخوپورہ ریجن میں گیس چوری اور ٹیمپرنگ کی مد میں اندازا 40 کروڑ روپے کے جرمانے کیے گئے ہیں جبکہ محکمہ پولیس کی مدد سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں تاکہ جرمانے کی رقم کی وصولی کو یقینی بنایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

جنرل مینجر سوئی گیس سہیل اکرم کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں سحری و افطاری میں گیس کے پریشر میں بہتری لائی گئی ہے اور صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے مزید برآں شاہدرہ ،مریدکے اور شاہکوٹ کے علاقے میں مین سپلائی بچھا کر گیس کا پریشر مزید بہتر کر دیا گیا ہے اس قلیل مدت میں ایسے اقدامات واقعی قابل ستائش ہیں اور فرض شناس ٹیم کی شیخوپورہ میں موجودگی کے بغیر یہ کارکردگی ناممکن تھی۔

جنرل مینجر سوئی گیس شیخوپورہ نے گیس چوری جیسے گھناؤنے اور مکروہ عمل کو قومی معیشت کے لیے ناسور قرار دیا ہے اور اس عمل میں ملوث لوگوں کی آہنی ہاتھوں سرکوبی کرنے کے ارادے کا اظہار کیا ہے جنرل مینجر شیخوپورہ نے عوام کو گیس سے متعلق شکایات کی ازالے اور سہولت کے لیے شیخوپورہ ریجن میں مختلف جگہ پر کنٹرول روم بھی بنا دیے ہیں جس میں عملہ 24 گھنٹے عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔