سری نگر میں قابض انتظامیہ نے میرواعظ کو دوبارہ گھر میں نظر بند کر دیا

جمعرات 28 مارچ 2024 21:43

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو جمعرات کو دوبارہ سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض انتظامیہ نے میرواعظ عمر فاروق کو سرینگر میں مرحوم میرواعظ مولوی محمد یوسف شاہ کی برسی کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت سے روکنے کیلئے گھر میں نظر بند کردیا ہے۔

انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے ایک بیان میں میرواعظ کی دوبارہ گھر میں نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ میر واعظ کو رمضان المبارک کے دوران ان کے مذہبی فرایض کی ادائیگی سے روکنے کے لیے گھر میں نظر بند کیا گیا ہے۔انجمن اوقاف نے کہا کہ سرینگر میں میر واعظ مولوی محمد یوسف شاہ مرحوم کی یاد میں ہونے والی تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرنا تھی تاہم میر واعظ کو رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا گیا۔