حلقہ این اے 88 خوشاب میں آر او کا دفتر جلانے سے متعلق صوبائی الیکشن کمشنر سے تحقیقاتی رپورٹ طلب

جمعرات 28 مارچ 2024 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 88 خوشاب میں آر او کا دفتر جلانے سے متعلق صوبائی الیکشن کمشنر سے تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی۔جمعرات کو سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ جرم کرنا اور پھر جرمانہ ادا کرنے میں ہٹ دھرمی کسی صورت قابل قبول نہیں،انتخابی عملے کو زدو کوب کرنا اور دفتر جلانے کی کوئی قابل قبول وجہ نہیں ہوسکتی۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ 8 فروری کی رات ریٹرننگ افسر کے دفتر کو جلایا گیا۔ڈی ایم او نے معظم شیخ کلو پر 50 ہزار روپے جرمانہ کیا۔معظم شیر کلو جرمانہ ادا کرنے میں بھی ہٹ دھرمی دکھا رہے ہیں۔آر او کی جانب سے درج ایف آئی آر میں تمام تفصیلات شامل ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایسے واقعات پر کسی قسم کی نرمی نہیں دکھاتا۔