خواہش ہے عدلیہ کی جو بھی شکایات ہیں دور ہوجائیں، خواجہ آصف

جنرل باجوہ کو توسیع دینے میں تینوں پارٹی ذمہ دار ،سیاستدانوں کو آئین کی پاسداری پر بیٹھ کر بات کرنی چاہیے،وزیردفاع

جمعرات 28 مارچ 2024 22:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ عدلیہ کو جو مدد درکار ہو گی فراہم کی جائے گی،جنرل باجوہ کو توسیع دینے میں تینوں پارٹی ذمہ دار ہیں،سیاستدانوں کو آئین کی پاسداری پر بیٹھ کر بات کرنی چاہیے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ عدلیہ کی جو بھی شکایات ہیں دور ہوجائیں،اگر شکایت آئی ہے تو پراسیس کو فالو کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع نے کہاکہ فیض آباد دھرنے میں ایک افسر کی پیسے دیتے ویڈیو بنی اور ریکارڈ پر ہے،جب پیسوں کی بات پوچھی گئی تو کہا گیا واپسی کا کرایہ دیا گیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ سیاستدانوں کا کردار بھی دیکھ لیں اس حمام میں سب ننگے ہیں،جنرل باجوہ کو توسیع دینے میں تینوں پارٹی ذمہ دار ہیں،سیاستدانوں کو آئین کی پاسداری پر بیٹھ کر بات کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ججز کے خط کے معاملے پر ادارے آپس میں گفتگو کر رہے ہیں۔خواجہ آصف نے کہاکہ وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ عدلیہ کو جو مدد درکار ہو گی فراہم کی جائے گی۔