آصفہ بھٹو زرداری بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب،الیکشن کمیشن نے بلامقابلہ کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

نثارکھوڑو،سعیدغنی، سید ذوالفقارشاہ،امتیاز شیخ سمیت پیپلزپارٹی رہنمائوں نے آصفہ بھٹوزرداری کوبلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد

جمعہ 29 مارچ 2024 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار آصفہ بھٹو زرداری نواب شاہ میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 207 سے بلا مقابلہ کامیاب ہوگئیں،ریٹرننگ افسر نے این ای207سے آصفہ بھٹو زرداری کی بلامقابلہ کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثارکھوڑو،صوبائی وزیر بلدیات سعیدغنی، وزیرثقافت وسیاحت سید ذوالفقارشاہ،سابق وزیر امتیاز شیخ سمیت پیپلزپارٹی رہنمائوں نے آصفہ بھٹوزرداری کے بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکبادپیش کی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پی پی کی امیدوار آصفہ بھٹو زرداری کے مقابلے میں11 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کروائے تھے۔ریٹرننگ آفیسر کے مطابق 7 امیدواروں کے کاغذات مسترد ہوئے جبکہ 3 امیدواروں نے کاغذات واپس لے لیے۔

(جاری ہے)

صدر آصف زرداری نے صدر مملکت منتخب ہونے پر نشست چھوڑی تھی، آصف علی زرداری کی خالی نشست پر آصفہ بھٹو زرداری کو پیپلزپارٹی کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا۔

ریٹرننگ آفیسر شیر علی جمالی نے کہا کہ 7 آزاد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے، پی ٹی آئی آزاد امیدوار سردار شیر محمد رند نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل نہیں کی۔سردار شیر محمد رند عام انتخابات میں آصف علی زرداری کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر تھے۔دریں اثناء پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے آصفہ بھٹو زرداری کو بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکبادپیش کی ہے ،انہوں نے کہاکہ آصفہ بھٹو زرداری کی قومی اسمبلی کے ایوان میں موجودگی سے شہید بینظیر بھٹو کے عکس کی موجودگی محسوس ہوگی۔

نثار کھوڑونے صوبائی اسمبلی کے حلقے دادو سے زبیر جونیجو کو بھی بلامقابلہ منتخب ہونے پر مبارکبادپیش کی۔رہنما پیپلز پارٹی امتیاز شیخ نے آصفہ بھٹو زرداری کو بلامقابلہ قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے پر مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ آصفہ بھٹو قومی اسمبلی میں اپنی شہید والدہ کی آواز بنیں گی ۔انہوں نے کہاکہ آصفہ بھٹو جمہوری اداروں کی مظبوطی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریںگی۔

امتیاز شیخ نے دادو سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر زبیر جونیجو کو بلامقابلہ منتخب ہونے پر بھی مبارکباد پیش کی۔ صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت نوادرات اور آرکائیوزسید ذوالفقار علی شاہ نے بھی آصفہ بھٹو زرداری کو بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہاآصفہ بھٹو زرداری کی قومی اسمبلی میں موجودگی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی صورت ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ آصفہ بھٹو زرداری کی بلامقابلہ کامیابی عوام کا پیپلزپارٹی کی کارکردگی پر اعتماد ہے۔ذوالفقار علی شاہ نے دادو سے زبیر جونیجو کو رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے پر بھی مبارکباد پیش کی۔وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و رورل ڈویلپمنٹ سندھ سعید غنی نے عکس بینظیر محترمہ آصفہ بھٹو زرداری کو بلا مقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ آصفہ بھٹو زرداری کی بلامقابلہ کامیابی عوام کا پیپلزپارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔انشاء اللہ بی بی آصفہ بھٹو زرداری قومی اسمبلی میں اپنی والدہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس ملک کو حقیقی جمہوری ملک بنا کر رہے گی۔