قومی اسمبلی اجلاس، یوم القدس کو حکومتی سطح پرمنانے سمیت اہم امور پر بحث

پیر 1 اپریل 2024 18:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2024ء) قومی اسمبلی کے ارکان نے پیرکو نکتہ ہائے اعتراض پر یوم القدس کو حکومتی سطح پرمنانے سمیت اہم امور کو اجاگرکیا۔ حلقہ این اے 37سے رکن قومی اسمبلی انجینئر حامد حسین نے یوم القدس کو حکومتی سطح پرمنانے کامطالبہ کیا۔ سنی اتحادکونسل کے شیرافضل خان مروت نے کہاکہ 2001 سے پاکستان دہشت گردی کا شکارہے، دہشت گردی رک کیوں نہیں رہی جے یوآئی (ف) کے نورعالم خان نے نکتہ اعتراض پرکہا کہ ایوان کو بزنس ایجنڈا کے مطابق چلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایوان میں مہنگائی پربات ہونی چاہئے، اپوزیشن والے رونا دھونا بند کرکے ملک کیلئے سوچیں، لوڈشیڈنگ اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کی بات کوئی نہیں کر رہا۔ پی پی پی کے عبدالقادرپٹیل نے مبینہ طور پر ایک مولوی کی جانب سے بچے سے زیادتی اور جرگہ کرکے ملزم کو معاف کرانے کے واقعہ کی مذمت کی اورکہاکہ اس اس طرح کے معاملات میں ریاست کو مدعی بننا چاہئے۔

(جاری ہے)

اس واقعہ کی مناسب تحقیقات ہونی چاہئے اور اس پررولنگ آنی چاہئے۔ پی پی پی کی شرمیلا فاروقی نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ماریہ بی بی نامی لڑکی کے قتل کی واقعہ کی مذمت کی اورکہاکہ قوم کی بیٹی کی بیحرمتی ہوئی ہے، اس واقعہ کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ واقعہ میں فوری انصاف مہیاکیا جائے، ماریہ بی بی قوم کی بیٹی ہے، اس طرح کے واقعات کے بارے میں آگاہی بھی ضروری ہے۔