آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں،بزنس کمیونٹی فائدہ اٹھائے، کوثر تقدیس گیلانی

منگل 2 اپریل 2024 22:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) وزیر برائے سمال انڈسٹری کارپوریشن آزاد کشمیر کوثر تقدیس گیلانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ،سرمایہ کار اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے آگے آئیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں چیمبر ہا ئو س کے دورے کے موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر فواد وحید اور دیگر عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت، معدنیات، ٹرانسپورٹ، چھوٹی صنعت اور دستکاری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو ان شعبوں کے فروغ کے لئے آگے آنا اور تعاون کرنا چاہئے،سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں کی ترقی سے علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں بہت مدد ملے گی اور مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لئے آئی سی سی آئی اور آزاد کشمیر حکومت ایک سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد کے لئے تعاون کر سکتے ہیں۔اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آزاد کشمیر کی ہینڈی کرافٹس کی نمائش اور سیاحت اور ہوٹل انڈسٹری کے فروغ کے لئے بھرپور تعاون کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کی بہت گنجائش ہے جس کے نتیجے میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے کہا کہ دوست ممالک کے سفیروں کے آزاد کشمیر کے دورے نہ صرف سیاحت کو فروغ دیں گے بلکہ کشمیر کاز کے لئے بھی اتنا ہی فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزی بیشن انڈسٹری کے چیئرمین خورشید برلاس نے کہا کہ بزنس انکیوبیشن سینٹرز کے قیام سے مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی ایک طویل کام ہو گا۔