پنجاب اسمبلی ،سینیٹ کی پانچ نشستوں پر مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کر لی

منگل 2 اپریل 2024 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی پانچ نشستوں پر مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کر لی،ٹیکنوکریٹ کی دونشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے محمد اورنگزیب ، مصدق ملک ،خواتین کی نشستوں پر انوشہ رحمن اور بشری انجم جبکہ اقلیت کی نشست پر خلیل طاہر سندھو نے کامیابی حاصل کی ۔ منگل کے روزسینیٹ کے انتخابات کیلئے پنجاب اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا گیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے ریٹرننگ افسر کے طور پر فرائض سر انجام دئیے جبکہ الیکشن کمیشن کے افسران نے پولنگ عملے کے طور پر فرائض سر انجام دئیے ۔ پولنگ کا عمل صبح 9بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے 4بجے تک جاری رہا ۔نتائج کے مطابق خواتین کی نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی انوشہ رحمان نے125اور بشری انجم بٹ 123 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کی صنم جاوید کو102ووٹ ملے ،خواتین کو ڈالے گئے 356ووٹوں میں سے6مسترد کر دئیے گئے ۔

(جاری ہے)

ٹیکنو کریٹ کی دو نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے محمد اورنگزیب128 اور مصدق ملک121ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کی ڈاکٹر یاسمین راشد کو106ووٹ ملے۔اقلیت کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے خلیل طاہر سندھو 253 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق نے 99ووٹ حاصل کئے ۔ اقلیتی نشست پر مجموعی طور پر 352ووٹ کاسٹ ہوئے جس میں 4مسترد قرارپائے۔پنجاب میں جنرل نشستوں پر پرویز رشید ، طلال چوہدری ، محسن نقوی ، ناصر بٹ اوراحد چیمہ پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔سینیٹ انتخابات کے موقع پر پنجاب اسمبلی کے احاطے اور اطراف میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔