ا*سینٹ الیکشن: پنجاب اسمبلی کی پانچ نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کامیاب

منگل 2 اپریل 2024 21:05

"لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2024ء) پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی پانچ نشستوں پر مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کر لی،ٹیکنوکریٹ کی دونشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے محمد اورنگزیب ، مصدق ملک ،خواتین کی دونشستوں پر انوشہ رحمن اور بشری انجم جبکہ اقلیت کی نشست پر خلیل طاہر سندھو نے کامیابی حاصل کی ۔ سینیٹ کے انتخابات کیلئے پنجاب اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا گیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے ریٹرننگ افسر جبکہ الیکشن کمیشن کے افسران نے پولنگ عملے کے طور پر فرائض سر انجام دئیے ۔ پولنگ کا عمل صبح 9بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے 4بجے تک جاری رہا ۔نتائج کے مطابق خواتین کی نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی انوشہ رحمان نی125اور بشری انجم 123ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کی صنم جاوید کو102ووٹ ملے ،خواتین کو ڈالے گئے 356ووٹوں میں سی6مسترد ہوئے ۔

(جاری ہے)

ٹیکنو کریٹ کی دو نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے محمد اورنگزیب128اور مصدق ملک 121 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کی ڈاکٹر یاسمین راشد کو106ووٹ ملے۔اقلیت کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے خلیل طاہر سندھو 253 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق نے 99ووٹ حاصل کئے ۔ اقلیتی نشست پر مجموعی طور پر 352ووٹ کاسٹ ہوئے جس میں 4مسترد قرار دئیے گئے ۔

مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے اپنے امیدواروں کی کامیابی کا اعلان ہونے پر شیر ، شیر کے نعرے لگائے ۔پنجاب میں جنرل نشستوں پر پرویز رشید ، طلال چوہدری ، محسن نقوی ، ناصر بٹ اوراحد چیمہ پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔سینیٹ انتخابات کے موقع پر پنجاب اسمبلی کے احاطے اور اطراف میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔