نئی دہلی ، ریاستی وزیر آتشی کا بی جے پی میں زبردستی شامل ہونے کیلئے دبائو کا انکشاف، بصورت دیگر سنگین نتائج کی دھمکی موصول

منگل 2 اپریل 2024 21:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) بھارت میں نئی دہلی کی ریاستی حکومت کی وزیر اور عام آدمی پارٹی کی سینئررہنما آتشی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے انہیں بی جے پی میں شامل ہونے بصورت دیگر سنگین نتائج کا سامنا کرنے کی دھمکی موصول ہونے کا انکشاف کیا ہے ۔خاتون وزیر کا یہ انکشاف مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کی طرف سے تحقیقاتی اداروں کو اپوزیشن کو ڈرانے دھماکنے کیلئے استعمال کرنے کاایک اور ثبوت ہے ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آتشی نے آج نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ انہیں ان کے ایک جاننے والے کے ذریعے بی جے پی میں شامل ہونے کی پیشکش کی گئی تھی۔ انہوں نے انکشاف کیاکہ اگلے چند دنوں میں عام آدمی پارٹی کے کچھ اور لیڈروں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

آتشی نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی عام آدمی پارٹی اور اس کے تمام لیڈروں کو کچل کر انہیں ختم کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی کی سینئر قیادت مودی حکومت کی قید میں ہے اورمزید چار بڑے لیڈروں کوبی جے پی میں شامل ہونے یا پھر جیل جانے کی دھمکی دی گئی ہے ۔ انہوں نے آئندہ دنوں میں اپنی رہائش گاہ پر بھی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے چھاپے کا انکشاف کیا۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کی طرف سے عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کو سمن بھیجنے کے بعد انہیں گرفتار کیاجائیگا۔

آتشی نے کہا کہ بی جے پی آئندہ دو مہینوں میں لوک سبھا انتخابات سے قبل عام آدمی پارٹی کے مزید چار لیڈروں کو گرفتار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے علاوہ سوربھ بھاردواج ، درگیش پاٹھک اور راگھو چڈھا کو گرفتار کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔آتشی نے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتے، ہم کیجریوال کے سپاہی ہیں، جب تک عام آدمی پارٹی کے ہر کارکن کی آخری سانس باقی ہے، ہم اروند کیجریوال کی قیادت میں متحد رہیں گے۔