متنازعہ ٹویٹس کیس؛ اعظم سواتی نے عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیا

سپیشل جج سنٹرل اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنماء کی عبوری ضمانت 20 اپریل تک منظور کرلی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 اپریل 2024 12:19

متنازعہ ٹویٹس کیس؛ اعظم سواتی نے عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اپریل 2024ء ) متنازعہ ٹویٹس کیس میں پی ٹی آئی رہنماء اعظم سواتی نے عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی جوڈیشل کمپلیکس پہنچے جہاں اعظم سواتی نے سپیشل جج سنٹرل کی عدالت میں سرنڈر کردیا، اس موقع پر اعظم سواتی کی جانب سے اشتہاری کا اسٹیٹس ختم کرنے اور دائمی وارنٹ معطلی کی استدعا کی گئی جس پر سپیشل جج سنٹرل اسلام آباد نے متنازعہ ٹویٹس کیس میں اشتہاری قرار دیئے جانے والے اعظم سواتی کی جانب سے عدالت کے سامنے سرنڈر کیے جانے کے بعد پی ٹی آئی رہنماء کی عبوری ضمانت 20 اپریل تک منظور کرلی۔

ادگر سینیٹ الیکشن کیلئے پشاور ہائیکورٹ کے اپیلیٹ ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنماء اعظم سواتی کو سینیٹ الیکشن کیلئے اہل قرار دے دیا جب کہ سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلیے گئے، اپیلیٹ ٹریبونل نے اس حوالے سے محفوظ فیصلہ سنا دیا، جس میں جسٹس شکیل احمد نے اعظم سواتی سینیٹ الیکشن کیلئے اہل قرار دیا اور ان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماء مراد سعید کے سینیٹ انتخابات کے لیے اہلیت سے متعلق بھی اپیلیٹ ٹریبونل نے سماعت کی، جہاں مراد سعید کے وکیل نے بتایا کہ ’مراد سعید پر اعتراض ہے کہ وہ مفرور ہے‘، جس پر جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیئے کہ ’اس کو ضمانت لینی چاہیئے‘، اس پر وکیل نے کہا کہ ’مراد سعید کی جان کو خطرہ ہے اس لیے سامنے نہیں آرہے، امید ہے سینیٹر بننے کے بعد تھوڑی آسانی پیدا ہوجائے گی‘۔

دوران سماعت وکیل الیکشن کمیشن نے مؤقف اپنایا کہ ’یہ اپیل بھی مراد سعید نے جمع نہیں کروائی‘، جس کے جواب میں وکیل نے کہا کہ ’ہمارے پاس ویڈیو موجود ہے کہ کاغذات پر مراد سعید نے خود دستخط کیے، ریٹرننگ آفیسر کو ویڈیو دکھائی بھی تھی‘، اس موقع پر وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ ’ یہ مراد سعید کو لے کر آئیں تو کاغذات بھی فوری منظور ہوجائیں گے‘، جس کا جواب دیتے ہوئے مراد سعید کے وکیل نے کہا کہ ’عدالت ضمانت دے تو ابھی مراد سعید کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے لاتا ہوں، اگر ابھی نہیں لایا تو وکلات چھوڑ دوں گا‘۔

بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں مراد سعید اور اعظم سواتی جب کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے محمود خان کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کر دیئے تھے، الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا سے سینیٹ الیکشن کے امیدواروں کی غیر حتمی فہرست جاری کی، جس میں صوبہ خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی نشستوں پر انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے مجموعی طور پر 30 امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کیے گئے، الیکشن کمیشن نے صوبے میں جنرل نشستوں کے لیے 16، ٹیکنو کریٹ نشستوں کے لیے 8 اور خواتین نشستوں کے لیے 6 امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کیے تھے۔