عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ریلیف کے متبادل راستے اختیار کر رہے ہیں، مجتبی شجاع الرحمان

جمعرات 4 اپریل 2024 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2024ء) وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ آ ئی ایم ایف کی شرائط کے پابند، عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ریلیف کے لیے متبادل راستے اختیار کر رہے ہیں،مستحقین کو ٹارگیٹڈ سبسڈی دی جائے گی، بجلی بلوں میں کمی کا وعدہ سولر سسٹمز کی فراہمی سے پورا کیا جائے گا،مہنگائی پر کنٹرول کیلئے منظم میکنزم کے تحت کام کر رہے ہیں، زرعی اجناس کی قیمتوں میں کمی کے لیے کسانوں کی پیداواری قوت بڑھائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سوسائٹی نمائندگان سے ملاقات کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیر اعلی پنجاب پارٹی منشور پر سمجھوتا نہیں کریں گی،رواں مالی سال میں ہمارے پاس صرف تین ماہ تھے، تین ماہ کے بجٹ میں پوری کوشش کی کہ عوامی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے وسائل کا استعمال کریں، رمضان نگہبان پیکج اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے، پیکج سے متعلق شکایات عوام کا فیڈ بیک ہے، آ ئند ہ رمضان میں لوگوں کو ان مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت ہمیشہ سے ہماری حکومت کی ترجیحات کا حصہ رہی ہیں اور آ ئند ہ بھی رہیں گی،مفت کتب کی فراہمی ، تعلیمی وظائف اور سکول سے باہر بچوں کی تعداد میں کمی کریں گے، فری انٹرنیٹ، لیپ ٹاپ سکیم کی بحالی اور موٹر سائیکلز کی شکل میں ذاتی سواری طلبہ کی تعلیمی استعداد کار کو بہتر بنائے گی،اسی طرح ہیلتھ کارڈ کو نواز شریف ہیلتھ انشورنس پروگرام کی طرز پر آگے بڑھایا جائے گا جس سے صرف مستحقین مستفید ہو سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایئر ایمبولینس میٹرو بس سروس کی طرح فقید المثال منصوبہ ثابت ہو گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عید الفطر کے بعد نئے بجٹ کی تیاری کے عمل کا آغاز کر دیا جائے گا، مالی سال 2024-25 کا بجٹ پارٹی منشور کے مطابق اور عوامی امنگوں کا ترجمان ہو گا،پنجاب حکومت بجٹ کی تیاری میں عوامی شمولیت کو یقینی بنائے گی۔