Live Updates

وزیراعلی کی درسی کتب کی فوری فراہمی و سی ای اوز ایجوکیشن کی سلیکشن کا نیا میکانزم بنانے کی ہدایت

جمعہ 5 اپریل 2024 17:41

وزیراعلی  کی درسی کتب کی فوری فراہمی و سی ای اوز ایجوکیشن کی سلیکشن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سکول ایجوکیشن ریفامز کاجائزہ اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب سکول انسپیکٹوریٹ، سٹینڈرڈآئزڈ میٹرک ایگزیم بورڈ بنانے اورسکول ایجوکیشن کے تمام معاملات سنٹرل باڈی کے ذریعے چلانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب میں سکول ہاکی لیگ اور پاکستان کا سب سے بڑا ''سکول اولمپکس'' کروانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلی نے سی ای او، ڈی ای اوز، ڈی ڈی ای اوز کی سلیکشن کا جامع طریقہ کار پر عملدرآمد کی ہدایت کی اور کہا کہ ہر ضلع میں سی ای اوز ایجوکیشن کی تعیناتی کیلئے نیا میکانزم بنایا جائے۔ٹیسٹ، انٹرویو، کمپیوٹر ایجوکیشن کے امتحان کے بعد سلیکشن ہو گی، لمز سے ٹریننگ بھی کروائی جائے گی۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے کہا کہ درسی کتب کی فراہمی میں تاخیر قابل قبول نہیں۔

سرکاری سکولوں میں سپیشل بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں۔ہر ضلع کے ایک سکول میں سپیشل بچوں کیلئے تعلیم و تدریس کی سہولت مہیا کی جائے۔ سرکاری سکولوں میں کریکٹر بلڈنگ کلاسز کا بھی آغاز کیا جائے۔وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ مجوزہ اتھارٹی پنجاب ایجوکیشن ٹیچر اینڈ کریکولم ڈویلپمنٹ، سکول ڈویلپمنٹ، ٹیچر ٹریننگ، نصاب کی تشکیل، ٹسٹنگ اینڈ اسسمنٹ، لرننگ آئوٹ کمزز کا کام کرے گی۔

ڈویژنل لیول پر ٹرانسجنڈرز کیلئے سکول قائم کئے جائیں گے۔ 41 فیصد درسی کتب کی فراہمی مکمل، مئی تک تمام سکولوں میں کتابیں مہیا کر دی جائیں گی۔ آئندہ تعلیمی سال فروری میں درسی کتب فراہم کر دی جائیں گی۔ سکولوں میں ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی پر نئی سٹوری کتاب تیارکرکے وزیر اعلی کو پیش کر دی گئی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،پرویز رشید،وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری، وزیر سکول ایجوکیشن راناسکندر حیات،ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات