فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے مسلم حکمراں جوابدہ ہیں،متحدہ علماء محاذ

عالمی یوم القدس پر 300علماء مشائخ کاجنگ بندی اور مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ

جمعہ 5 اپریل 2024 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام آیت اللہ امام خمینی کے اعلان پر جمعة الوداع 25رمضان کو عالمی یوم القدس ایمانی غیرت اور جوش و جذبے کے ساتھ منایاگیا۔ محاذ میں شامل مختلف مکاتب فکر کے 300علماء مشائخ و ذاکرین نے مساجد میں اجتماعات جمعہ میں غزہ فلسطین پر جاری انسانیت سوز وحشیانہ اسرائیلی بمباری اور غذا کو بطور ہتھیار استعمال کئے جانے کے خلاف اقوام متحدہ ،مسلم حکمرانوں سے پوری قوت کے ساتھ موثر کردار اداکرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔

علماء نے کہا کہ اس وقت تمام تر نفلی عبادات سے زیادہ افضل فلسطینی مجاہدین کی مالی ،غذائی ،طبی اور بحالی کیلئے مدد کرنا ہے۔ سنت رسولؐ کی روشنی میں یہودی صیہونی اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا ایمانی غیرت کا تقاضا اور جہاد کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں اسرائیل کیلئے نرم گوشی ، سہولت کاری کرنے والے اپنے انجام سے ڈریں۔ اسرائیل کو تسلیم کئے جانے کی اندرونی و بیرونی عالمی سازشوں کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ، مفکر اسلام علامہ محمد اقبال کے واضح دوٹوک جرأت مندانہ موقف کو اپناتے ہوئے کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

بیت المقدس کے محافظین فلسطینیوں پر اسلام و مسلمانوں کے ازلی دشمن اسرائیل کے تاحال جاری قیامت خیز خونی وحشیانہ مظالم کے پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک کے حکمراں روز قیامت عنداللہ جواب دہ ہوں گے۔ان کی مجرمانہ خاموشی عذاب خداواندی کودعوت دے رہی ہے۔شام میں برادر اسلامی ایران کے سفارتخانے پر اسرائیلی حملہ درحقیقت تمام مسلم ممالک پر حملہ ہے۔

استعماری قوتیں یکے بعد دیگرے مسلم ممالک کو کمزورو منتشر کرکے اپنا محکوم و غلام بنانا چاہتی ہیں۔بیت المقدس اور اپنے دین و ایمان کی بقاء و تحفظ کیلئے وحدت امت اور بیداری ضروری ہے۔اس موقع پر شہدائے القدس کو خراج عقیدت اور حماس سمیت دیگر مقاومتی جہادی تحریکوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یکجہتی کا اظہار کیاگیا۔ بیت المقدس کی جلد آزادی ، مجاہدین کی فتح یابی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مساجد کے باہر اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور اسرائیلی و امریکی پرچم نذرآتش کئے گئے۔ متحدہ علماء محاذ کے قائدین نے علماء و کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ عالمی القدس ریلی میں شرکت کی۔ دریں اثناء متحدہ علماء محاذ میں شامل مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ مولانا محمد امین انصاری ،علامہ مرزایوسف حسین، علامہ عبدالخالق فریدی سلفی، شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود، علامہ ڈاکٹر شاہ فیروزالدین رحمانی ودیگر نے کراچی میں واقع ایرانی قونصلیٹ میں قونصل جنرل حسن نوریان کی دعوت پر عالمی یوم القدس کی تقریب میں بھی شرکت کی۔