Live Updates

وزیراعلی مریم نوازکی زیرصدارت اجلاس،سہولیات فرا ہمی کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی منظوری دی

ہفتہ 6 اپریل 2024 19:40

وزیراعلی مریم نوازکی زیرصدارت اجلاس،سہولیات فرا ہمی کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ایل ڈی اے سٹاف کی مانیٹرنگ کا میکانزم وضع کرنے اور کچی آبادیوں کو ایل ڈی اے ڈویلپمنٹ پلان میں ترجیحا شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی کی زیر صدارت ایل ڈی اے پراجیکٹس کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور کی سسٹین ایبل سمارٹ سٹی میں تبدیلی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں 6 ارب روپے کی لاگت سے روڈ سٹرکچر میں بہتری سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی منظوری دی گئی،واک ویز، مخصوص بائیک سائیکل لین، سنٹرل ری کریشن ایریا، ریڑھیوں اور سٹال کیلئے وینڈنگ ایریا مختص کیاجائے گا،ایل ڈی اے ایونیو ون میں پائلٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دیدی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایل ڈی اے کی ری سٹرکچرنگ کے پلان کا بھی جائزہ لیا گیا،ایل ڈی اے کے سٹریٹیجک پالیسی یونٹ کو فنکشنل اورایل ڈی اے رولز میں ترمیم، ون ونڈوز ٹرانسفر،ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کا نظام لانے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں ایل ڈی اے یونیفارمڈ فورس بنانے کا اصولی فیصلہ اور ایل ڈی اے پولیس سٹیشن بنانے و لاہور میں20 سڑکوں کو کمرشل کرنے کی تجویزپر غور کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ سب سے زیادہ کرپشن کی شکایات ایل ڈی اے کی آتی ہیں۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ریڑھی بانوں کیلئے ونڈنگ پوائنٹس بنائے جائیں،کسی کی ریڑھی نہ چھینیں۔ وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کمرشل آئزیشن سے 20 ارب روپے کی آمدنی ہوگی،ایک سال میں مکمل طور پر پیپر لیس سسٹم لایا جائے گا اور ڈرون کیمرے کے ذریعے تجاوزات کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

اسی طرح ایل ڈی اے شہریوں کی سہولت کیلئے ویب سائٹ پر چھوٹے گھروں کے سٹینڈرڈ نقشے فراہم کرے گا،ماڈل تعمیراتی نقشے ایل ڈی اے سے منظور شدہ ہونے سے شہریوں کے وقت کی بچت ہوگی۔ وزیراعلی مریم نواز نے ایل ڈی اے کو ریونیو بڑھانے کے لئے نئے پراجیکٹس شروع کرنے کی ہدایت بھیکی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرویز رشید،وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری،ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات