Live Updates

فیصل آباد، پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر معیاری سلنڈروں میں غیر قانونی فلنگ کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا،گیس سلنڈرز والی مسافر ویگنیں اور بسیں چلتے پھرتے بم بن گئے

ہفتہ 6 اپریل 2024 20:17

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اپریل2024ء) پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر معیاری سلنڈروں میں غیر قانونی فلنگ کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا،گیس سلنڈرز والی مسافر ویگنیں اور بسیں چلتے پھرتے بم بن گئے،مسافر گاڑیوں کے گیس سلنڈر پھٹنے سے رونما ہونیوالے واقعات میں اب تک درجنوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں،مسافروں اور شہریوں کا ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ ۔

آن لائن کے مطابق سمندری ،جڑانوالہ، بچیانہ، ستیانہ کھرڑیانوالہ مکوانہ سمیت شہر اور گردونواح میں پبلک ٹرانسپورٹ میں گیس سلنڈر کے استعمال پر حکومت نے پابندی عائد کر رکھی ہے مگر پابندی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ میں گیس سلنڈرز کا سرعام استعمال کیا جا رہا ہے۔گاڑیوں میں ایل پی جی کی غیر قانونی فلنگ کرنے والوں کے خلاف صرف کاغذی کارروائیاں کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

مسافر گاڑیوں کے گیس سلنڈر پھٹنے سے رونما ہونے واقعات میں اب تک درجنوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ گیس سلنڈر والی مسافر ویگنیں اور بسیں چلتے پھرتے بم ہیں،جبکہ ٹرانسپورٹرز نے غیر قانونی طور پر گیس سلنڈر سیٹوں کے عین نیچے نصب کر رکھے ہیں،گیس سلنڈر والی گاڑیوں کے حادثات میں متعدد طلبا بھی جاں بحق ہو چکے ہیں ٹرانسپورٹ اتھارٹی مسافر ویگنوں اور گاڑیوں میں ناقص گیس سلنڈروں کا استعمال نہیں روک سکی ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ٹرانسپورٹرز کے غیر قانونی اقدامات کے سامنے بے بس نظر آتی ہے،ٹرانسپورٹرز کرایہ پٹرول کے استعمال کا وصول کرتے ہیں جبکہ گیس کا استعمال کرکے بھاری منافع کماتے ہیں،دوسری جانب وہیکلز کو کلیئرنس دینے والے اداروں کی کارکردگی صفر ہے۔ جڑانوالہ و گردونواح میں جگہ جگہ گاڑیوں کے گیس سلنڈر بھرنے کی دکانیں بنی ہوئی ہیں۔

گاڑیوں میں ایل پی جی گیس بھرنے والی دکانوں سے مختلف محکموں کے اہلکار مبینہ طور پر بھاری منتھلی وصول کرتے ہیں جسکی بنا پر ان کیخلاف کارروائی نہیں ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کے مالکان انتہائی بااثر لوگ ہیں،اس وجہ سے تقریبا تمام پبلک ٹرانسپورٹ میں گیس سلنڈر رکھے ہوئے ہیں۔متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں گیس سلنڈرز کا خاتمہ یقینی بنائے اور غیر قانونی گیس فلنگ والی دکانوں کو بند کروایا جائے تا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے مسافروں کی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

مسافروں اور شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف،چیف سیکرٹری،ڈپٹی کمشنر، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹیز، ضلعی انتظامیہ،ٹریفک پولیس کے علاوہ موٹر وے پولیس سے بھی اپیل کی کہ مسافر ویگنوں میں ایل پی جی کے استعمال پر مکمل پابندی غیر معیاری سلنڈروں کی گاڑیوں میں تنصیب کیخلاف بلا تفریق کارروائی کے علاوہ موٹر وے پر سلنڈر والی گاڑی کے داخلے پر پابندی لگائی جائے اور معصوم شہریوں کی جانیں محفوظ بنائی جائیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات