عید الفطر کے چاند کی رویت سے متعلق سعودی سپریم کورٹ کا اہم اعلان

سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے مملکت میں بسنے والے شہریوں سے شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کر دی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 6 اپریل 2024 22:57

عید الفطر کے چاند کی رویت سے متعلق سعودی سپریم کورٹ کا اہم اعلان
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اپریل2024ء) عید الفطر کے چاند کی رویت سے متعلق سعودی سپریم کورٹ کا اہم اعلان۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سمیت دنیا کے کئی ممالک میں رمضان المبارک کے اختتام میں اب صرف 2 سے 3 دن باقی ہیں۔ رمضان المبارک کا اختتام قریب آنے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید الفطر کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں کروڑوں مسلمان یہ جاننے کیلئے بھی کوشاں ہیں کہ عید الفطر کس تاریخ کو ہو گی۔

اس حوالے سے سے سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے مملکت میں بسنے والے شہریوں سے شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کر دی، جبکہ متحدہ عرب امارات میں بھی رہنے والوں سے شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پیر 8اپریل کو چاند دیکھ کر شہادتیں متعلقہ اتھارٹی کو بھیجیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ متحد ہ عرب امارات کی رویت ہلال کمیٹی نے بھی شہریوں سے 8 اپریل کو چاند دیکھنے اور شہادتیں متعلقہ اتھارٹی تک پہنچانے کی اپیل کی ہے۔

جبکہ پاکستان میں بھی عید الفطر کا چاند دیکھنے کےلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا، اجلاس 9 اپریل کو اسلام آباد میں ہوگا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق اجلاس کی صدارت چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ کمیٹی شوال کےچاند کا اعلان ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مد نظر رکھ کر کرے گی ۔ اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے ارکان، محکمہ موسمیات ، سپارکو اور سائنس ٹیکنالوجی کے حکام شریک ہوں گے۔

رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہوگاجبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوں گے۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی شوال کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں شوال کا چاند 9 اپریل کو نظر آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے عید الفطر کے چاند کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بجکر 21 منٹ پر ہوگی اور 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہوجائیگی جبکہ غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہوگا۔

ملک کے جنوبی علاقوں سمیت زیادہ تر مقامات پر 9 اپریل کو مطلع صاف رہنے کا امکان ہے جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 9 اپریل کو چاند نظر آنے کی صورت میں عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ کو منائی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیرآزاد بھی سائنسی بنیاد پر رمضان کا چاند 29 کا ہونے کا امکان ظاہر کر چکے ہیں جس کے مطابق پاکستان میں عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہو سکتی ہے۔

مولانا عبدالخبیرآزاد نے سائنسی بنیاد پر عید کا چاند 29 کا ہونے کا امکان ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ سائنسی لحاظ سے چاند کی عمر 20 گھنٹے کے قریب اور زاویہ بھی 10 ڈگری ہوگا۔ اگر شوال کا چاند 29 کا ہوا تو اس کے مطابق پاکستان میں عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔