صدر زرداری اور ترکیہ کے ہم منصب کا رابطہ، رجب طیب اردوان دورہ پاکستان کی دعوت دیدی

دونوں صدور کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، عیدالفطر کی پیشگی مبارکباد دی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 اپریل 2024 10:58

صدر زرداری اور ترکیہ کے ہم منصب کا رابطہ، رجب طیب اردوان دورہ پاکستان ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اپریل 2024ء ) صدر مملکت آصف زرداری کی ترک صدر سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے ترکیہ کے ہم منصب رجب طیب اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں صدور کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر پاکستانی صدر اور ترکیہ کے ہم منصب نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، صدر مملکت نے ترکیہ صدر کو عیدالفطر کی پیشگی مبارکباد بھی دی، رجب طیب اردوان اور ترکیہ عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بتایا جارہا ہے کہ حال ہی میں ترکیہ کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کو بھی ٹیلی فون کیا اور دوسری مرتبہ پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر انہیں مبارکباد دی، رجب طیب اردوان نے شہباز شریف کی کامیابی پر نیک تمناوٴں کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ترک صدر نے شہبازشریف کی صلاحیتوں پر مکمل اظہاراعتماد کیا، وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماوٴں نے دو طرفہ تعاون کے مزید فروغ کا عزم ظاہر کیا، رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے بحیثیت وزیراعظم انتخاب پر بہت خوشی ہوئی، پاکستان اور ترکیہ کی ترقی کیلئے مل کر کام کریں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ طیب اردوان کے تہنیتی جذبات کا خیرمقدم کرتا ہوں، انہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی ، انشا اللہ پاکستان دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرے گا، مسلم ممالک ترکیہ کے اس کردار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، رجب طیب ایک تجربہ کار رہنما ہیں، ہمیں ان کے تجربہ سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماوٴں کے درمیان سائپرس کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ، ہائی لیول سٹریٹیجی ڈائیلاگ کے ساتویں سیشن میں پاکستان اور ترکیہ مل کر اس حوالے سے مزید پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔