سعودی ولی عہد سے صومالیہ کے صدر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات، مشترکہ تعاون کے شعبوں بارے تبادلہ خیال

پیر 8 اپریل 2024 08:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2024ء) سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے مکہ کے الصفا پیلس میں صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمد نے ملاقات کی ہے۔ ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،مشترکہ تعاون بڑھانے اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔دونوں رہنماوں نے مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

صومالیہ کے صدر نے سعودی عرب کے دورے میں گرمجوشی سے خیرمقدم اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں سعودی عرب اور صومالیہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے صومالیہ پر عائد اسلحے کی پابندی اٹھانے کا خیرمقدم کیا گیا۔دونوں رہنماوں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گہا کہ اس اہم پیش رفت نے صومالی سکیورٹی فورسز کے قیام اور مضبوطی کی راہ ہموار کی ہے جس سے وہ افریقی یونین فورسز کے انخلا کے بعد بتدریج سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال سکیں گے۔ بیان میں دونوں ملکوں نے زراعت، لائیوسٹاک، ماہی گیری، نقل وحمل، لاجسٹکس سروسز اور بندرگاہوں جیسے متنوع شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔