دانش سکول کے دروازے غریب بچوں کیلئے کھلے ہیں،شہبا زشریف

نواز شریف کے دور میں دانش سکول کا آغاز کیا تب ہمیں تنقید کا نشانہ بنایاگیا، کیا تعلیم صرف وزرا کا حق ہے؟،پورے ملک میں دانش سکولز بنائیں گے،تقریب سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 9 اپریل 2024 12:48

دانش سکول کے دروازے غریب بچوں کیلئے کھلے ہیں،شہبا زشریف
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 اپریل2024 ء) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دانش سکول کے دروازے غریب بچوں کیلئے کھلے ہیں، میں یہ خواب پورا کروں گا اور تمام قومی وسائل ان بچوں پر نچھاور کروں گا۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں دانش سکول کا آغاز کیا تب ہمیں تنقید کا نشانہ بنایاگیا، کیا تعلیم صرف وزرا کا حق ہے؟ کیا غریب بچوں کے والدین اتنی محنت نہیں کرتے جتنے اشرافیہ کے کرتے ہیں؟ کیا غریب کا حق نہیں کہ ان کو اچھے ماحول میں اعلیٰ تعلیم مل سکے اور وہی سہولتیں انہیں میسر ہوں جس کا حق تمام پاکستانیوں کو ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ دانش کا مطلب ذہانت ہے، ڈنمارک اور دانش میں بڑا فرق ہے۔ ہم نے نواز شریف کے دور میں دانش سکولز کا جال پھیلایا تھا، ایسے بچے جن کے والدین دنیا سے رخصت ہوگئے دانش سکول ان کا سہارا بنا، اس سکول کے بچے پوری دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم پورے ملک میں دانش اسکولز بنائیں گے، ہم اس اسکول کا جال بچھائیں گے، وفاق اپنے وسائل سے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور سندھ کے دور دراز علاقوں میں دانش اسکولز بنائیں گے، اس سے بڑی دین کی خدمت کوئی اور ہو ہی نہیں سکتی۔

،آج 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں، یہ مجرمانہ غفلت ہے، اس کیلئے ایک اور ایونٹ کا انعقاد کریں اور تعلیم کو ایمرجنسی کے طور پر ڈکلیئر کریں گے اور وسائل کو بچے اور بچیوں پر نچھاور کریں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ جب ایسے کالجز بن سکتے ہیں جہاں وزرا، اشرافیہ، گورنرز کے بچے جاسکتے ہیں تو غریب اور ذہین یتیم بچوں کیلئے تعلیمی ادارے کیوں نہیں بنا سکتے ہیں۔ نواز شریف کی قیادت میں ہم نے پنجاب میں 2 لاکھ استاد میرٹ پر بھرتی کئے تھے، ہم نے میرٹ پر سمجھوتہ نہیں کیا، ہم نے کلاشنکوف نہیں بلکہ لیپ ٹاپ دیے، اس وقت بھی جو تنقید کی گئی ہم نے پرواہ نہیں کی، ہم اس بڑے چیلنج کو بھی قبول کرتے ہیں۔