Live Updates

دورہ سعودی عرب، حکومتی وفد کا پی آئی اے سے سفر عام مسافروں کیلئے اذیت کا باعث بن گیا

جدہ ائیرپورٹ پر طیارہ حکومتی وفد کے انتظار میں 2 گھنٹے کھڑا رہا، مسافر طیارے میں سرکاری وفد کا انتظار کرتے رہے، وطن واپس پہنچ کر طیارے کو اسلام آباد کی بجائے لاہور میں اتار لیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 اپریل 2024 16:54

دورہ سعودی عرب، حکومتی وفد کا پی آئی اے سے سفر عام مسافروں کیلئے اذیت ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2024ء ) دورہ سعودی عرب کے لیے حکومتی وفد کا پی آئی اے سے سفر عام مسافروں کیلئے شدید پریشانی کا باعث بن گیا۔ جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حکومتی وفد کے ہمراہ پی آئی اے کی جدہ سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 842 پر سفر کیا تاہم ان کا یہ سفر ائیر لائن اور سینکڑوں مسافروں کیلئے وبال جان بن گیا کیوں کہ وطن واپسی پر پی آئی اے کی جدہ سے اسلام آباد کی پرواز کو اپنی منزل وفاقی دارالحکومت کی بجائے لاہور میں لینڈ کرایا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ اس سے پہلے جدہ ائیرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ حکومتی وفد کے انتظار میں 2 گھنٹے وہیں کھڑا رہا اور مسافر 2 گھنٹے تک طیارے میں بیٹھے سرکاری وفد کا انتظار کرتے رہے، وطن واپس پہنچ کر طیارے کو اسلام آباد کی بجائے لاہور میں اتار لیا گیا اور سرکاری وفد کے اتر جانے کے باوجود طیارہ 2 گھنٹے تک لاہور ائیرپورٹ پر ہی کھڑا رہا، جدہ سے اسلام آباد کی اس پرواز پی کے 842 میں 380 مسافر سوار تھے، لاہور ائیرپورٹ پر طیارے میں بیٹھے اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے ان مسافروں نے شدید احتجاج کیا، مسافروں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں طیارے سے اترنے دو ہم بس یا ٹرین سے اسلام آباد چلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ قبل ازیں جب وزیراعظم شہباز شریف اور ان کا وفد 7 اپریل کو پی آئی اے کی جس پرواز سے سعودی عرب گئے اس پرواز کو بھی جدہ کی بجائے مدینہ منورہ میں اتارا گیا تھا، لاہور سے جدہ کی پرواز پی کے 759 کو مدینہ منورہ میں اتارنے پر بھی مسافروں نے سخت احتجاج کیا تھا۔ اس حوالے سے ائیرلائن ذرائع نے کہا ہے کہ سرکاری وفد کے سعودی عرب جانے اور آنے کے دوران دونوں مرتبہ پرواز کا روٹ تبدیل کرنے سے نا صرف پی آئی اے کی ساکھ خراب ہوئی بلکہ مسافروں کو بھی شدید ذہنی اور جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑا، اس کے علاوہ روٹ تبدیل کرنے کے باعث پی آئی اے نے ایندھن اور دیگر مد میں لاکھوں روپے کے اضافی اخراجات بھی برداشت کیے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات