عالمی ادارے جنگی جرائم ‘ظلم و بربریت بند کرائیں، فائق شاہ

مسلم ممالک مل کر فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کو عالمی عدالت انصاف لے جائیں، چیئرمین امن ترقی پارٹی

منگل 9 اپریل 2024 22:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2024ء) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے ایک مرتبہ پھر مسلم ممالک، عالمی اداروں اور مسلم عسکریت قیادت سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کے عوام کو ظلم اور اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی سے نجات دلائیں، انسانی حقوق کی پامالیوں پر خاموشی لمحہ فکریہ ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کی عسکریت قیادت مل کر اسرائیل کو الٹی میٹم دے تو چند دنوں میں مسئلہ حل ہو سکتا ہے غزہ کی تباہی کے ذمہ داروں کو جنگی جرائم پر سخت سزا دی جائے، مسلم ممالک مل کر عالمی عدالت انصاف، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے سامنے یہ مسئلہ پیش کرے، حکومت پاکستان اس میں اپنا کردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی امن کیلئے مسئلہ فلسطین اور کشمیر کا حل ضروری ہے ورنہ دنیا اربوں انسانوں کی ترقی، خوشحالی اور امن میں رکاوٹ سمجھی جائے گی، پاکستان، سعودی عرب، ایران، ترکی اور مصر مل کر اس مسئلے کا حل نکال سکتے ہیں، آج فلسطینی عوام، بچے، خواتین اور بزرگ سخت مشکلات کا شکار ہیں، ہسپتال، تعلیمی ادارے، فلاحی ادارے اور گھروں کو تباہ کر دیا گیا، بچے بھوک سے نڈھال اور بلک رہے ہیں کوئی انسانی حقوق کی آواز تک نہیں اٹھاتا، رمضان اور عید پر بھی اس ظلم کا بازار گرم کرنا انسانیت سوزی اور جنونیت ہے جس کی امن ترقی پارٹی بھرپور مذمت کرتی ہے اور عید پر فلسطین کے حق میں آواز اٹھانا فرض سمجھتی ہے، اتنا بڑا انسانی ظلم ناقابل برداشت ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، پاکستانی حکومت اور ادارے باہمی تنازعات ختم کر کے عالمی امن کیلئے ، انسانی ترقی اور خوشحالی کیلئے متفق ہو جائیں اسی میں سیاسی اور معاشی بقا ء ہے۔