وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں عید الفطر کی نماز ادا کی

ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی

جمعہ 12 اپریل 2024 10:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔انہوں نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی۔نماز عید کی ادائیگی کے بعد انہوں نے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید مناتے ہوئے قوم کو ان بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھنا چاہیے جنہیں مدد کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے قوم سے کہا کہ وہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے ویژن کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عہد کریں۔انہوں نے کہا کہ آئیے ہم ان لوگوں کا خیال رکھنے کا اعادہ کریں جنہیں ہماری ضرورت ہے اور ہم مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حمایت میں آواز بلند کریں جن کا خون آج بھی بہایا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور حمزہ شہباز نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ نماز ادا کی۔