خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن پی ٹی آئی کے لوگوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے نہیں ہوئے،عظمیٰ بخاری

جمعہ 12 اپریل 2024 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن الیکشن کمیشن کی وجہ سے نہیں بلکہ آپ لوگوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے نہیں ہوئے۔یہاں جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ایک ہی دن سینیٹ الیکشن کرانے کی تیاریاں کی تھیں۔

(جاری ہے)

عظمی بخاری نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے سپیکر کے پی اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر آنے والے ارکان سے حلف لینے کا حکم دیا لیکن سپیکر کے پی اسمبلی قاسم سوری پارٹ ٹو بن گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور نے پہلے رمضان پیکیج پر خود اپنی تصویریں شائع کروائیں اب خود ہی اس پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ڈرامے بازیاں اور رنگ بازیاں اس جماعت پر ختم ہیں، معلوم بھی نہیں خیبر پختونخوا میں کسی کو رمضان پیکیج ملا ہے یا نہیں لیکن سوشل میڈیا پر اس کا منجن ضرور بیچا گیا۔