معاشی بحالی، برآمدات بڑھانے کیلئے پاکستان بزنس کونسل نے اپنی تجاویز پیش کر دیں

جمعہ 12 اپریل 2024 20:50

معاشی بحالی، برآمدات بڑھانے کیلئے پاکستان بزنس کونسل نے اپنی تجاویز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) پاکستان بزنس کونسل نے وزیر تجارت جام کمال کو خط لکھ کر معیشت کی بحالی اور ایکسپورٹس بڑھانے کے لیے 18 تجاویز پیش کر دیں۔خط کے متن میں کہا گیا کہ وزیراعظم پاکستان ایکسپورٹرز اور صنعت کاروں کے ساتھ خصوصی میٹنگ کریں، پاکستان کی صنعت کو علاقائی منڈیوں کے مقابلے کے لیے تیار کیا جائے، نئی منڈیوں کی تلاش کے لیے باہمی رابطے بڑھائے جائیں۔

پاکستان بزنس کونسل نے اپنے خط میں کہا ہے کہ روایتی منڈیوں سے ہٹ کر ایکسپورٹ کے لیے نئی منڈیاں تلاش کی جائیں، نئی منڈیوں میں پاکستانی برینڈز کو نمائش کے مواقع دیئے جائیں، سیالکوٹ گجرات اور گجرانوالہ میں چھوٹی صنعتوں کو فروغ دیا جائے۔خط میں کہا گیا کہ ایکسپورٹرز کے لیے سہولیات بہتر بنائی جائیں، نئے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کراچی پورٹ کے قریب بنائے جائیں، صنعتی خام مال کے اوپر ٹیکسز میں کمی کی جائے۔

(جاری ہے)

پاکستان بزنس کونسل نے کہاکہ آئی ٹی ایکسپورٹس کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں، آئی ٹی ایکسپورٹ کے لیے سٹیٹ بینک سہولیات بڑھائے، ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے شپنگ انڈسٹریز کے اندر سہولیات بڑھائی جائیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے مواصلات اور رابطے بہتر بنائے جائیں، ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے ریلوے فریٹ کو فروغ دیا جائے، معاشی استحکام کے لیے ایف بی آر ٹیکس ریفنڈ بروقت جاری کرے، ایگزم بینک کو آپریشنل کیا جائے۔

پاکستان بزنس کونسل نے تجویز پیش کی کہ ڈیویڈنٹ، رائلٹیز اور ٹیکنیکل فیس کی ادائیگی بروقت کی جائے، ادویات سازی کی ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے ڈریپ سہولیات دے۔خط میں کہا گیا کہ ایف ڈی آئی اور جے ویز ایکسپورٹ اوریئنٹڈ کئے جائیں، صوبوں میں بھی سپیشل اکنامک زونز کی تکمیل بروقت کی جائے۔