کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جا ری

کیچ میں کچے مکانات ،دیواریں گرنے سے 1شخص جاں بحق ،2 زخمی ،فصلوں،سولر پینلز اور سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا

اتوار 14 اپریل 2024 17:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جا ری ،کیچ میں کچے مکانات اور دیواریں گرنے سے 1شخص جاں بحق 2افراد زخمی جبکہ فصلوں،سولر پینلز اور سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں بارش برسانے والا سسٹم داخل ہو نے کے بعد اتوار کو بھی کوئٹہ، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، جھل مگسی،لورالائی، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لسبیلہ، قلات، خضدار ،زیارت، کوہلو، بارکھان، مسلم باغ، تربت، ہرنائی، کوہلو، نصیر آباد، جعفرآباد، چاغی ،پنجگور، گوادر اور کیچ میں آندھی،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مو سلا دھار بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا سلسلہ جا ری رہا،محکمہ موسمیات کے مطابق پسنی میں70 ملی میٹر ، دالبندین میں28، تربت میں18، پنجگور میں10، لسبیلہ میں09، جیوانی میں08، خضدار میں07، بارکھان میں06، گوادر میں05، کوئٹہ میں03، سبی میں02اور اورماڑہ1 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی آنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی جبکہ کوئٹہ میں مو سلار دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے شہر میں نکاسی آب کے ناقص نظام کی وجہ سے سڑکیں برساتی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں ، جوائنٹ روڈ، سریاب روڈ، ڈبل روڈ، شہباز ٹائون، جناح ٹائون، پرنس روڈ، میکانگی روڈ، خدائیدار روڈ ، سبزل روڈ پر بارش کا پانی سڑکوں پر بہنے اور گھروں میں داخل ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا تاہم میٹرو پو لیٹن کا رپوریشن کا عملہ کہیں بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کر تے ہوئے دیکھائی نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ بلو چستان اور ایڈ منسٹر یٹر کوئٹہ سے اپیل کی ہے کہ فرائض میں غفلت برتنے پر میٹرو پو لیٹن کا رپوریشن کا عملہ تبدیل کر کے انکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا ئے ۔ڈی سی کیچ حسین جان بلوچ کے مطابق کیچ موسلادھار بارش کے باعث کیچ میں مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوئے جبکہ متعدد سرکاری عمارتیں، کچے مکانات اور دیواریں گر گئیں۔

حسین جان بلوچ کے مطابق کیچ میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث گندم کی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ کیچ کے مختلف علاقوں میں سولر پینلز بھی ٹوٹ گئے اس دوران ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے نے گزشتہ روز دریائے نہنگ میں پھنسے 10 افراد کو ریسکیو بھی کیا،ڈی سی کیچ کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کر تے ہوئے دو مقامی افراد کو ریسکیو کیا جو گزشتہ روز سے دریائے کیچ میں دریا کے کنارے لکڑی کاٹنے کیلئے گئے تھے جنہیں ریسکیوکر لیا گیا۔

ڈی سی پنجگورکے مطابق مو سلا دھار کے باعث چند گھروں کی چھتیں گر نے اور سولر پلیٹس کو بھی نقصان پہنچا اور سر اسیائی کے مقام پر6ٹاور گرنے سے پنجگور شہر کو بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی جس کی مرمت کا کام جا ری ہے ۔محکمہ پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے اسپن کاریز کے مقام پر بھاری مشینری اور ریسکیورز موجودہے ۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج ( پیر) کوکوئٹہ ،ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، جھل مگسی، لورالائی، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ ، قلعہ سیف اللہ، لسبیلہ، قلات ، خضدار، بارکھان، مسلم باغ، تربت، ہرنائی،نصیر آباد، جعفرآباد، پنجگور، گوادر اور کیچ میں آندھی وتیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جس کے باعث مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا اندیشہ ہے۔