سیاسی قوتیں ہوش کے ناخن لیں، دھرنا دھرنا کھیلنے کی بجائے میز پر بات کریں، بلاول بھٹو

سیاست کے دائرے کار میں رہتے ہوئے سیاست کریں، ایک دوسرے کے خلاف گالم گلوچ کی سیاست سے پاکستان کی ترقی نہیں ہوگی، گالم گلوچ کی سیاست سے جمہوریت اور عوام کا نقصان ہوگا۔ لاڑکانہ میں جلسے سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 14 اپریل 2024 19:43

سیاسی قوتیں ہوش کے ناخن لیں، دھرنا دھرنا کھیلنے کی بجائے میز پر بات ..
لاڑکانہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اپریل 2024ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی قوتوں سے اپیل کرتاہوں ہوش کے ناخن لیں، سیاستدان سیاست کے دائرے کار میں رہتے ہوئے سیاست کریں، دھرنا دھرنا کھیلنے کی بجائے میز پر بات کریں اور عوام کو نقصان نہ پہنچائیں۔ گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار بھٹو نے ملک کو آئین دیا ، عوام کو ووٹ کی طاقت دی، شہید ذوالفقار بھٹو نے کسانوں کو زمین دی ، ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، سپریم کورٹ سے ثابت ہوگیا کہ قائد عوام سے نا انصافی ہوئی اور فیئر ٹرائل نہیں ملا، ذوالفقار بھٹو کے کیس میں جیت ہر جمہوریت پسند کی جیت ہے، آج بھی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو زندہ ہیں، ذوالفقار علی بھٹو شہادت کے 45 سال بعد بھی قبر سے حکومتیں بنا اور گرا رہے ہیں، اس وقت پاکستان کے دو صوبوں میں جیالے وزیر اعلٰی ہیں، آصف علی زرداری دوسری بار صدر منتخب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ آج بھی کچھ سیاستدان ایسے ہیں جو پی این اے پارٹ 2 لانا چاہتے ہیں، کچھ سیاستدان ملک اور عوام کی قسمت سے کھیلتے ہیں، کچھ سیاستدان دوبارہ سازش کررہے ہیں، ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، دھرنا دھرنا کھیلنے کی بجائے میز پر بات کریں اور عوام کو نقصان نہ پہنچائیں، ایک دوسرے کے خلاف گالم گلوچ کی سیاست سے پاکستان کی ترقی نہیں ہوگی ، گالم گلوچ کی سیاست سے جمہوریت اور عوام کا نقصان ہوگا، پیپلزپارٹی کی تجویز ہے تمام جماعتیں قومی مصالحت کے چارٹر پر کام کریں ، ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے پیپلزپارٹی کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔