Live Updates

اتحاد بنانے اور اپنا نظریہ پیش کرنے کا سب کو حق ہے مگر فیصلہ عوام ہی کرتی ہے کہ کوں ان کی نمائندگی کرے گا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

اتوار 14 اپریل 2024 19:50

سیہون شریف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اتحاد بنانے اور اپنا نظریہ پیش کرنے کا سب کو حق ہے مگر فیصلہ عوام ہی کرتی ہے کہ کوں ان کی نمائندگی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا اور ہمیشہ اپنے لئے خود مسائل پیدا کیے۔ یہ بات ا نہوں نے آج بروز اتوار سہیون شریف میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 4 اپریل شہید بھٹو کی شہادت کا پروگرام رمضان المبارک کی وجہ سے آج 14 اپریل کو گڑھی خدا بخش بھٹو میں منعقد کیا گیا ہے، اور آج میرے والد سید عبداللہ شاہ کی برسی ہے، قرآن خوانی میں شرکت کر کے پھر میں سیہون سے گڑھی خدا بخش بھٹو شہیدوں کی مزار پر حاضری دینے جائوں گا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپریل میں اکثر ایسے طوفان اور ہوائیں چلتی ہوتی ہیں، لیکن اس مرتبہ بارشوں کے پیش نظر میں نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا ہے۔

ہماری بھر پور کوشش ہوگی کہ برسات کے دوراں لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف پیش نہیں آئے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ 4 اپریل اور 27 دسمبر کا جلسہ کرتی ہے، جہاں تک حزب اختلاف کی جماعتوں کو سوال ہے، ابھی تازہ الیکشن ہوئے ہیں اور ان تمام جماعتوں نے انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا، اور انہوں نے بھر پور زور آزمائی بھی کرلی۔

اتحاد بنانے اور اپنا نظریہ پیش کرنے کا سب کو حق ہے اور فیصلہ عوام ہی کرتی ہے کہ کوں ان کی نمائندگی کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عمران خان کو جس طرح کی طاقت حاصل تھی میں تو خود اس کا گواہ ہوں اور اتنی حمایت کے باوجود وہ ملک کیلئے کچھ نہیں کر سکے، اور انہوں نے ملک کو بحرانوں میں دھکیلا۔ یہ واحد وزیراعظم تھے جسے جمہوری طریقے سے ووٹ آف کانفیڈنٹ سے ہٹایا گیا۔

یہ تو سب کو معلوم ہے اس کی سیاسی سمجھ کتنی ہے۔ جو بھی کیسز ہیں، سائیفر، توشاخانہ اور دیگر کیسزکو انہوں نے خود تسلیم کئے ہیں ، ایسے شخص کو میں کیا کہوں جو اپنے لیئے خود ہی مشکلات پیدا کرتا ہے اور کچھ عرصے میں اپنی تمام حمایتیں کھو دیتا ہے میں اس کے بارے میں کیا کہوں!۔ عدالتیں کھلی ہیں عدالت سے کسی کو رلیف ملتا ہے تو بھلے حاصل کرے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میں نے پہلے بھی سیہون کے عوام کی خدمت کی ہے اور 2002 سے میں سیہون سے کامیابی حاصل کرتا آ رہا ہوں اور میری ہمیشہ یہاں کے لوگوں نے بھرپور مدد کی ہے ، یہ میرے لئے فخر کی بات ہے اور میں ہر دفعہ کی طرح لوگوں کی خدمت کرتا رہوں گا۔

منچھر جھیل کی بحالی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اپنے والد سابق وزیراعلی سندھ سید عبداللہ شاہ کی 17ویں برسی پر انکی مزار پر حاضری دی، اور اپنے والد کی قبر پر چادر چڑھائی اور فتحہ خوانی کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات