ایران نے پوری امت مسلمہ کی بھرپور ترجمانی کی،چوہدری پرویز احمد وڑائچ

پوری دنیا کی امت مسلمہ کو ہر پلیٹ فارم پر اپنی آواز بلند کرنی چاہیے صہیونی قوتوں کو ایک بار پھر منہ کی کھانا پڑے گی

پیر 15 اپریل 2024 13:43

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) سینئر ممبر بورڈ آف انوسٹمنٹ آزاد جموں وکشمیر چوہدری پرویز احمد وڑائچ نے ایران کے دہشتگرد ملک اسرائیل پر حملے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے پوری امت مسلمہ کی بھرپور ترجمانی کی اب وقت آ گیا ہے سارے اسلامی ممالک ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر یہودوہنود کا ڈٹ کر مقابلہ کریں ان خیالات کا انھوں نے میڈیا نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ ہزاروں فلسطینیوں کے خون سے اسرائیل کے دونوں ہاتھ رنگین ہو چکے ہیں تمام اسلامی ممالک اسرائیل کو فضائی راستہ دینے سے گریز کریں اور فلسطین کی بھرپور مدد کریں ان شاء اللہ فتح امت مسلمہ کی ہو گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جتنا ظلم وجبر اسرائیل نے فلسطین کے اندر کیا اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی اسرائیل کا فلسطین کے اندر ظلم وستم کے پہاڑ توڑنے کے باوجود فلسطینوں کے حوصلے آج بھی بلند ہیں فلسطینیوں کے ساتھ اللہ تبارک وتعالیٰ کی مدد ہے ان شاء اللہ وہ ہر صورت میں کامیاب وکامران ہونگے اور اسرائیل نیست نابود ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ قبل اول کی آزادی ہم ساری امت مسلمہ کا اولین فرض ہے پوری دنیا کی امت مسلمہ کو ہر پلیٹ فارم پر اپنی آواز بلند کرنی چاہیے صہیونی قوتوں کو ایک بار پھر منہ کی کھانا پڑے گی اور ان شاء اللہ تعالیٰ فلسطین جلد آزاد ہو گا۔