مظفرآباد، شہر اقتدار میں بائیکیا سروس عوام کے لیے وبال جان بن گئی، سٹاپ سے سٹاپ کرایہ ڈیڑھ سو روپیہ وصول کرنے لگے

پیر 15 اپریل 2024 17:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) شہر اقتدار میں بائیکیا سروس عوام کے لیے وبال جان بن گئی، سٹاپ سے سٹاپ کرایہ ڈیڑھ سو روپیہ وصول کرنے لگے۔ عیدی الگ سے مانگنا وطیرہ بنا لیا۔ کھٹارہ، ان فٹ،بدوں نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں پر کم سن ڈرائیوروں نے لوگوں کی جان و مال کو خطرات کا شکار کر دیا۔ متعلقہ اداروں سمیت ٹریفک پولیس اہلکاران نے بھی آنکھیں کان بند کرتے ہوئے منہ پر قفل لگا لیے۔

حصہ بقدر جثہ وصول کرنے کے الزامات زبان زد و عام ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شہر اقتدار مظفرآباد کے عوام نے شدید اعتراضات کرتے ہوئے ارباب اختیار خاص کر ڈی آئی جی ٹریفک سردار ظہیر سے مطالبہ کیا ہے کہ دارالحکومت میں چلائے جانے والے بھائیکیا سروس کی خصوصی چیکنگ کے انتظامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھٹارہ ان فٹ ناکارہ موٹر سائیکلوں پر کم سن ڈرائیوروں نے قانون کو گھر کی لونڈی سمجھتے ہوئے ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑانا شروع کر رکھی ہیں۔

سٹاپ سے سٹاپ کرایہ ڈیڑھ سو روپے وصول کرنے کے علاوہ بدتمیزی ناروا سلوک وطیرہ بنا رکھا ہے۔ ان موٹر سائیکلوں پر نہ تو نمبر پلیٹ آویزاں ہوتی ہے نہ ہی ان کی حالت ایسی ہوتی ہے کہ ان کو سڑک پر چلایا جا سکے مگر معاشرتی جرائم میں لتھڑے بگڑے تگڑے کئی جرائم میں ملوث کئی ایک بائیکیا رائڈرز نے عوام کی زندگیوں کو خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔ نہ تو یہ ون وے کی پاسداری کرتے ہیں اور نہ ہی ٹریفک قوانین کو خاطر میں لاتے ہیں۔

نہ ہی ان کے پاس کسی بھی قسم کے قانونی کاغذات یا لائسنس ہوتا ہے۔ اگر ان سے لائسنس بارے پوچھا جائے تو یہ بدتمیزی پر اتر آتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ارباب اختیار ان بائیکیا رائڈرز کے حوالے سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے ان کا سد باب کریں تاکہ عوام کی جان و مال کو تحفظ حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :