بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ، کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ 2 کروڑ روپے کا فراڈ

ڈیفنس فیز 8 میں قائم نجی کمپنی کامالک سعودی عرب اور دبئی میں ملازمت کیلئے رقم حاصل کرکے فرار ہوگیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 اپریل 2024 14:59

بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ، کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ 2 کروڑ روپے کا ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل 2024ء ) بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ 2 کروڑ کا فراڈ ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد میں بیرون ملک جاکر روزگار کے حصول اور معیار زندگی بہتر بنانے کے خواہش مند کراچی کے نوجوان مبینہ فراڈ کا شکار ہوگئے، اس حوالے سے متاثرہ افراد نے بتایا کہ کراچی کے علاقہ ڈیفنس فیز 8 میں نجی کمپنی نے سعودی عرب اور دبئی میں ملازمت کیلئے رقم لی تاہم عیدالفطر کے بعد کمپنی کے دفتر پہنچے تو تالا لگا ہوا تھا اور کمپنی کا مالک 2 کروڑ روپے سے زائد کی رقم لے کر فرار ہوچکا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ 80 سے زائد متاثرہ نوجوانوں نے قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے سے رجوع کیا ہے جس کے بعد پولیس کی جانب سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا جب کہ کراچی میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں کے بعد ایڈیشنل آئی جی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے جاویدعالم اوڈھوکو ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جاوید عالم اوڈھو پہلے بھی ایڈیشنل آئی جی کےعہدے پر کام کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

گذشتہ ماہ سندھ میں نئی بننے والی حکومت نے بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے غلام نبی میمن کو ایک دفعہ پھر آئی جی سندھ پولیس تعینات کیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے آئی جی سندھ کیلئے غلام نبی میمن کا نام تجویز کیا گیا، جس کے بعد وفاقی حکومت نےغلام نبی میمن کو آئی جی سندھ تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔ دوسری طرف سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ امن و امان سندھ نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے، نگراں دور حکومت میں امن وامان خراب ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوا، اپریل میں کراچی میں 11 مقابلوں میں 11 اسٹریٹ کرمنلز مارے گئے، جب کہ 104ملزمان کو گرفتارکیا گیا،غیرقانونی مقیم افراد بھی وارداتوں میں گرفتار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام میں مہنگائی، بیروزگاری، غیرقانونی تارکین وطن بڑا چیلنج ہے، سندھ حکومت نہیں چاہتی عوام کو کوئی بھی تکلیف پہنچے، کچے کےعلاقے میں پولیس کا ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے، جس سے علاقے میں بہتری آئی ہے، جلد حالات پر قابو پالیں گے، وزیرداخلہ سندھ اور آئی جی سندھ شکار پورمیں موجود ہیں، گھوٹکی، شکار پور میں 15روز میں 13 مغوی بازیاب کرائے، 6 افراد کو ہنی ٹریپ میں اغوا ہونے سے بچایا گیا۔