بالی ووڈ فلم سٹار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے دو افراد کوریاست گجرات سے گرفتار

ملزمان کا تعلق پنجابی گلوکار سدھو موسی والاکو قتل کرنے والے گینگ سے ہے‘ملزمان کو تفتیش کے لیے ممبئی منتقل کیا جارہا ہے.جوائنٹ کمشنر پولیس کرائم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 اپریل 2024 15:41

بالی ووڈ فلم سٹار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے دو افراد ..
ممبئی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اپریل۔2024 ) ممبئی پولیس نے بالی ووڈ فلم سٹار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے دو افراد کوریاست گجرات سے گرفتار کرلیا ہے پولیس نے ان کی شناخت وکی گپتا اور ساگر پال کے طور پر کی ہے دونوں ملزمان شمال مشرقی ریاست بہارکے چمپارن ضلع کے رہنے والے ہیں جوائنٹ کمشنر آف پولیس (کرائم) لکمی گوتم نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ افراد ممبئی سے سورت فرار ہو گئے تھے اور پھر بھوج پہنچ گئے.

(جاری ہے)

برطانوی نشریاتی ادارے نے بھارتی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملزمان کو ممبئی لایا جا رہا ہے جہاں انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا لکمی گوتم کا کہنا ہے کہ ہم ملزمان سے پوچھ گچھ کریں گے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ انہیں فائرنگ کا کام کس نے دیا تھا. یاد رہے کہ اتوار کو معروف اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی ممبئی پولیس کے ذرائع نے بھارتی جریدے کو بتایا کہ سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہونے والی فوٹیج سے پتہ چلا ہے کہ مشتبہ افراد کا تعلق شمالی ریاست ہریانہ کے شہر گروگرام سے ہے اور یہ جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گینگ کا حصہ تھے ملزمان نے سلمان خان کے اپارٹمنٹ کی پہلی منزل پر ایک گولی چلائی جو سامنے کی بالکونی کے ساتھ والی دیوار سے ٹکرا گئی اور پھر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے پانچ خول اور ایک بغیر چلا راﺅنڈ ملافرانزک تجزیے سے معلوم ہوا کہ مشتبہ افراد نے 7.62 کیلیبر کا ہتھیار استعمال کیا.

مشتبہ افراد میں سے ایک کی شناخت وشال نامی شخص کے طور پر ہوئی ہے جسے 2020 میں موٹر سائیکل چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے بھارتی دارالحکومت دہلی کی تہاڑ جیل بھیج دیا گیا تھا وشال گروگرام میں مارچ میں ایک تاجر کے قتل کے سلسلے میں بھی مطلوب ہیں اور وہ بشنوئی گینگ کے رکن روہت گودارا کے لیے کام کرتے ہیں اس گینگ کالیڈر روہت گودارا پنجابی گلوکار سدھو موسی والا کے قتل کے لیے مطلوب ہیں اور ان پر شبہ ہے کہ وہ اس وقت کینیڈا سے گینگ آپریٹ کررہے ہیں.

رپورٹ کے مطابق پولیس نے وشال کے ساتھی کی بھی شناخت کر لی ہے لیکن ابھی تک اس کا نام نہیں بتایا گیاسلمان خان جس کی حفاظت پر مسلح پولیس اہلکار تعینات رہتے ہیں اور اس حملے کے وقت اپنے خاندان کے ساتھ گھر پر تھے تاہم اس حملے میں کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہواپولیس کی پیٹرولنگ کار جسے سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر تعینات کیا جانا تھا حملے کے وقت وہاں موجود نہیں تھی پولیس نے ”ہندوستان ٹائمز“ کو بتایا کہ گاڑی کو انڈین پریمیئر لیگ میں کھیلنے والے کرکٹرز کے لیے سکیورٹی کے لیے ایک لگژری ہوٹل میں منتقل کیا گیا تھا سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آوروں کو باندرہ کے علاقے گلیکسی اپارٹمنٹس میں سلمان خان کے گھر کی طرف فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے پولیس نے کہا ہے کہ ان افراد نے حملے سے قبل علاقے کی ریکی کی تھی اور شہر چھوڑنے کے بعد فرار ہوگئے تھے.

پولیس نے سلمان خان کی رہائش گاہ سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ان کی گاڑی، ایک موٹر سائیکل، جو ممکنہ طور پر چوری کی گئی تھی برآمد کر لی ہے اس واقعے کے بعد لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے فیس بک پر حملے کی ذمہ داری قبول کی جسے انہوں نے محض ایک ”ٹریلر“ قرار دیا انہوں نے اداکار کو خبردار کیا کہ وہ ان کا امتحان نہ لیںانہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یہ پہلی اور آخری وارننگ ہے اس کے بعد آپ کے گھر پر فائرنگ کی جائے گی پولیس نے کہا ہے کہ وہ اس پوسٹ کی تحقیقات کر رہے ہیں جسے اب سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا ہے مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے اداکار سے رابطہ کیا اور انہیں مدد اور پولیس تحفظ کا یقین دلایاہے.