ضمنی انتخابات،کنٹرولرامتحانات لاہور بورڈ نے کمشنر لاہور کو امتحانات ملتوی کرنے کیلئے خط لکھ دیا

سپرٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرٹنڈنٹ، انویجلٹرز سمیت 1315 افراد کی الیکشن ڈیوٹی لگی، الیکشن ڈیوٹی کے باعث عملے کا امتحانات میں ڈیوٹی کرنا ممکن نہیں،کنٹرول امتحانات لاہور

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 17 اپریل 2024 13:05

ضمنی انتخابات،کنٹرولرامتحانات لاہور بورڈ نے کمشنر لاہور کو امتحانات ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اپریل2024 ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں 21اپریل کو ہونے ضمنی انتخابات کے باعث کنٹرولرامتحانات لاہور بورڈ نے کمشنر لاہور کو امتحانات ملتوی کرنے کیلئے خط لکھ دیا،لاہور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کے2 پیپر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کمشنر لاہور کے نام لکھے گئے خط میں کنٹرولر امتحانات لاہور بورڈ کا کہنا ہے کہ سپرٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرٹنڈنٹ، انویجلٹرز سمیت 1315 افراد کی الیکشن ڈیوٹی لگی، الیکشن ڈیوٹی کے باعث عملے کا امتحانات میں ڈیوٹی کرنا ممکن نہیں اس لئے 20 اپریل کو کیمسٹری اور 22 اپریل کو انگریزی کا پرچہ ملتوی کیا جائے گا۔

امتحانات کی آئندہ تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔صوبے بھر میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے باعث محکمہ تعلیم چترال نے بھی 18، 19 اور 20 اپریل کو ہونے والے میٹرک بورڈ کے امتحانات کے پرچے منسوخ کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

فیصلہ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کی زیر صدارت تعلیمی بورڈ کے سربراہان کے اجلاس میں کیا گیا۔منسوخ شدہ پرچوں کو نئے شیڈول کے مطابق ری شیڈول کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بارشوں اور سیلاب کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام بورڈز نے بروقت امتحانی عملہ تعینات کر دیا ہے اور پرچے نامزد بینکوں کو بھی بھیج دیئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ امتحانات کیلئے سیکورٹی اور دیگر تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مکمل تعاون حاصل ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کیا تھا جس کے مطابق ملک بھر میں خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات 21 اپریل کو ہوں گے۔ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 6، پنجاب اسمبلی کی 12 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کی2، بلوچستان اسمبلی کی 2 اور سندھ اسمبلی کی 1 نشست پر بھی ضمنی انتخابات ہوں گے۔