سرینگر،کل جماعتی حریت کانفرنس کا کشتی حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار رنج و غم

بدھ 17 اپریل 2024 16:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے سری نگر میں ایک کشتی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سری نگر کے مضافات نوگام گنڈ بل میں گزشتہ روز دریائے جہلم میں ایک کشتی الٹنے سے 4 بچوں سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 3افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں دلخراش واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحومین کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے اس دلدوز حادثے تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔

ترجمان نے صاحب ثروت لوگوں پر زور دیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی بھر پور مدد کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں دریائے جہلم پر پل کی تعمیر کا کام ایک طویل عرصے سے جاری ہے جس کا تاحال مکمل نہ ہونا افسوسناک ہے،پل نہ ہونے کی وجہ سے طلبا اور لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے دریا عبور کرنا پڑتا ہے اور اگر پل کی تعمیر بروقت مکمل کی گئی ہوتی تو اس المناک حادثے سے بچا جاسکتا تھا۔