سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کا کشتی حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار

بدھ 17 اپریل 2024 17:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے سری نگر میں ایک کشتی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سری نگر کے مضافات نوگام گنڈ بل میں گزشتہ روز دریائے جہلم میں ایک کشتی الٹنے سے چار بچوں سمیت چھ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ تین افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے اپنے ایک بیان میں دلخراش واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحومین کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے اس المناک حادثے کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔

ترجمان نے صاحب ثروت لوگوں پر زور دیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی بھر پور مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں دریائے جہلم پر پل کی تعمیر کا کام ایک طویل عرصے سے جاری ہے جسکا تاحال مکمل نہ ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پل نہ ہونے کی وجہ سے طلبا اور لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے دریا عبور کرنا پڑتا ہے اور اگر پل کی تعمیر بروقت مکمل کی گئی ہوتی تو اس المناک حادثے سے بچا جاسکتا تھا۔

دریں اثنا ءمقبوضہ جموںوکشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصراسلام نے کشی حادثے میں متعدد بچوں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔انہوں نے مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما یاسمین راجہ نے بھی ایک بیان میں المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ قابض بھارتی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث پیش آیا۔