Live Updates

مریم نواز پاکستان میں ٹرینڈ سیٹر بن گئی ہیں،پنجاب میں پہلی بار کسی حکومت نے روٹی کے معاملے پر بولڈ سٹیپ لیا ہے،صوبائی وزراء

بدھ 17 اپریل 2024 17:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) مریم نواز پاکستان میں ٹرینڈ سیٹر بن گئی ہیں،تمام صوبے انکو کاپی کرتے ہیں،عوام کو ریلیف دینے کے معاملے میں کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا،پنجاب میں پہلی بار کسی حکومت نے روٹی کے معاملے پر بولڈ سٹیپ لیا ہے۔ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری اور وزیر خوراک پنجاب بلال یسین نے بدھ کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کو عام آدمی کی فکر ہے ، انہیں فکر ہے کہ عام آدمی کو سستی روٹی ملنی چاہیے،ہمیں اس بات کی خوشی ہے کیونکہ وہ سب کام عوام کی بھلائی کے ہوتے ہیں، روٹی کی قیمت کیا ہونی چاہئے یا روٹی سستی ہونی چاہیے اس پر پچھلے 6 سال کسی نے بات نہیں کی ، مریم نواز عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کے اقدامات کر رہی ہیں ، پوری انتظامیہ اس وقت فیلڈ میں موجود ہے اور سستی روٹی اور نان کی نوٹیفائیڈ قیمتوں پر موجودگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزرا ءنے کہا کہ شروع میں ہر کام میں مشکلات پیش آتی ہیں،جب عام آدمی کو ریلیف دینے کی بات آئے تو رکاوٹیں بھی ڈالی جاتی ہیں، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ڈکشنری میں ناممکن کا لفظ نہیں ہے، خیبر پختونخوا کی حکومت نے آج تک نہیں بتایا کہ عوام کے لیے کیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو اگر پچھلے 10سال میں روٹی کی قیمت کم کرنا یاد نہ آیا اور مریم نواز کو دیکھ کر یاد آگیا تو اس میں شرم کیسی، مریم نواز جو اعلان کرتی ہیں وہ اسے ہر حال میں پورا کرتی ہیں۔

مریم نواز نے نگہبان رمضان پیکیج دیا جسے کے پی کے کی حکومت نے کاپی کیا اور بعد میں مکر گئے۔عظمی بخاری نے کہا کہ بیرسٹر سیف سے پوچھوں گی آپ کو معلوم نہیں کہ صحت کارڈ نواز شریف کا پراجیکٹ ہے، یہ نواز شریف نے لانچ کیا تھا، ایک طرف کہتے ہیں کہ ہم بھی ایئر ایمبولینس خریدیں گے پھر کہتے ہیں اس کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم فخر کے ساتھ آٹے کے تھیلوں پر نواز شریف کی تصویریں لگاتے ہیں کیونکہ وہ 3 بار ملک کے وزیراعظم رہے ہیں اور انہوں نے جو ملک کیلئے کیا کسی اور نے نہیں کیا۔

صوبائی وزیر خوراک بلال یسین نے کہا کہ ہمارا مشن ہے کے نان 20 اور روٹی 16 روپے میں لازمی ملے، عام آدمی اس فیصلے پر بہت خوش ہے، لوگوں نے جب اس اعلان کا سنا تو انہیں بے حد خوشی ہوئی۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ میں خود فیلڈ میں موجود ہوں اور سستی روٹی اور نان کی موجودگی نوٹیفائیڈ قیمت پر یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں،20کلو آٹے کی بوری کی قیمت میں 500روپے کمی کی گئی ہے، یہ سب ایک رات میں نہیں ہوااس پر پورا کام کیا گیا ہے اور پوری ٹیم نے ہوم ورک کیا ہے ، آٹا سستا ہونے کا فائدہ اگر عام آدمی کو نہ پہنچے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں، دو دن میں مختلف مقامات پر 10ہزار کے قریب مقامات کو چیک کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ 2500سے زائد مقامات پر شکایات ملیں جس پر گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں اور جرمانے کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر میں خود نکل کر شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کرتا ہوں ، مجھے دکھ ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی اس بات پر تنقید کر رہے ہیں، عوامی فلاح کے کام میں تنقید سمجھ سے باہر ہے۔ صوبائی وزیر خوراک نے مزید کہا کہ سستی روٹی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کئے جائیں گے ،غریب آدمی کو مہنگائی کے بوجھ سے ہم نے نکالنا ہے، آنے والے دنوں میں کوشش ہو گی کہ روٹی اور نان کی قیمت مزید کم کی جائے ،ہم کسان کارڈ بھی متعارف کروانے جا رہے ہیں جس کی صورت میں کسانوں کو بہت بڑا پیکیج دیا جائے گا جبکہ کسان کو کھاد کس طرح سستی دینی ہے اس پر بھی کام ہو رہا ہے اور ہماری حکومت کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دے گی۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات