ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن ریفرنس ، پرویز الٰہی کے شریک ملزم نے پلی بارگین کرلی

احتساب عدالت کا ملزم حبیب قاسم کو رہا کرنے کا حکم ،پرویز الٰہی و دیگر کیخلاف سماعت 9 مئی تک ملتوی

جمعرات 18 اپریل 2024 21:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن ریفرنس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے شریک ملزم حبیب قاسم نے 67 لاکھ روپے کی پلی بارگین کرلی۔احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے ملزم کی 67لاکھ روپے پلی بارگین کی درخواست منظور کرلی، جس کے بعد ملزم کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

نیب لاہور کے مطابق ملزم حبیب قاسم سب انجینئر تھا، ملزم نے 40فیصد پے آرڈر اکائونٹ میں جمع کروا دیا۔علاوہ ازیں احتساب عدالت لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی و دیگر کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن ریفرنس کی سماعت 9مئی تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے ریفرنس پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت میں پرویز الٰہی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا۔

عدالت نے ریفرنس کی صاف کاپیاں فراہم کرنے کی درخواست پر وکلا سے دلائل طلب کرلیے اور کارروائی 9 مئی تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ 4اپریل کو ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس میں پرویز الٰہی اور دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد نہیں ہو سکی تھی۔جیل کے ایک حکام نے عدالت کو بتایا تھا کہ پرویز الٰہی اپنے سیل کے واش روم میں گرنے سے 4 پسلیاں ٹوٹ گئیں، انہوں نے کہا تھا کہ ڈاکٹروں نے سابق وزیر اعلی کو سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ برس 19ستمبر کو پرویز الٰہی کو اس مقدمے سمیت محمد خان بھٹی کی غیر قانونی تعیناتی کے معاملے پر دوبارہ میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔